Sunday, May 19, 2024

طیارہ حادثہ کے 21 افراد کی میتیں ورثاء کے حوالے کیں ، سی ای او پی آئی اے

طیارہ حادثہ کے 21 افراد کی میتیں ورثاء کے حوالے کیں ، سی ای او پی آئی اے
May 23, 2020

کراچی ( 92 نیوز)سی ای او پی آئی اے  ارشد ملک نے بتایا کہ طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونیوالے 21 افراد کی متیں ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں ،99مسافروں میں سے صرف دو زندہ بچ سکے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے سی ای او پی آئی اےارشد ملک نے کہا کہ  واقعہ کی تحقیقات غیرجانبداری سے ہو گی، جو سانحہ ہوا اس کا  کوئی مداوا نہیں، مجھ سمیت جو بھی ذمہ دار ہوا اس کا احتساب ہو گا ۔

ارشد ملک نے کہا کہ کچھ شہدا کی میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں ،  جبکہ دیگر  لاشوں کو ڈی این اے کے بعد ورثا کے حوالے کیا جائے  گا، ہمیں طیارے کا بلیک باکس مل چکا ہے،  ہم شہدا کے خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

وزیر شہری ہوابازی غلام سرور خان نے کہا کہ میں شہدا کے لواحقین کے ساتھ دلی رنج و غم کا اظہار کرتا ہوں، دعا ہے اللہ شہدا کو جنت میں جگہ عطا کرے، اللہ شہدا کے اہلخانہ کو صبر عطا کرے۔

غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ پاک فوج، رینجرز اور مقامی اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،  لوگوں نے آگ میں کود کر لوگوں کو بچانے کی کوشش کی۔

وزیر شہری ہوابازی نے کہا کہ  ابھی کچھ عرصے میں تین حادثے ہو چکے ہیں، بروقت انکوائری نہ ہونا حکومت کی کمزوری ہوتی ہے، اس  حادثے کی بروقت انکوائری ہو گی،  طیارہ بنانے والے جرمنی اور فرانس کے ایکسپرٹس نے اپنی انکوائری کرنی ہے۔ ابھی تک چترال حادثے کی رپورٹ نہیں آسکی، کوشش ہو گی 3 ماہ کے اندر اس کی رپورٹ منظر عام پر آئے گی، کسی کا بھی سر جاتا ہے واقعہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا،  اگر  مجھ پر ذمہ داری آتی تو ہم بھی سٹیپ ڈاؤن کرنے کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر امدادی رقم 5 لاکھ سےبڑھا کر 10 لاکھ روپے کی ہے، اپنی بساط کے مطابق متاثرہ خاندانوں کی جتنی ممکن ہوسکا امداد کرینگے ۔