Sunday, May 19, 2024

طیارہ حادثہ میں جاں بحق افراد کی مختلف شہروں میں غائبانہ نماز جنازہ ادا

طیارہ حادثہ میں جاں بحق افراد کی مختلف شہروں میں غائبانہ نماز جنازہ ادا
May 23, 2020

کراچی ( 92 نیوز) پی آئی اے کے طیارہ حادثہ  میں97 افراد کے شہید ہونے کی تصدیق ہوگئی ، جبکہ دو افراد معجزانہ طور پر موت کے منہ سے نکل آئے، مختلف شہروں میں  شہداء کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، کراچی میں غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی جس میں سی ای او پی آئی اے ارشد ملک اور وفاقی وزیر غلام سرور خان بھی شریک ہوئے۔

پی آئی اے کا المناک حادثہ،99میں سے97 افراد کے شہید ہونے کی تصدیق ہوگئی، جہاز میں سوار دو افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے، قابل شناخت لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں جبکہ باقی کے ڈی این اے کا عمل جاری ہے۔

میجر شہریار شہید اور بیوی بچوں کی نماز جنازہ بہار مسلم سوسائٹی کی علی مسجد میں ادا کی گئی، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز نے بھی شرکت کی، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم بھی نمازجنازہ میں شریک ہوئے۔

کراچی میں شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی جس میں وقاقی وزیر غلام سرور خان، سی ای او پی آئی اے ارشد ملک، وفاقی وزیر علی زیدی، گورنر سندھ عمران اسماعیل، حلیم عادل شیخ اور دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔

بدقسمت طیارے میں سینئر صحافی انصار نقوی بھی تھے، فیملی کے ساتھ عید منانے کے لئے لاہور سے کراچی جارہے تھے جس کے بعد انہیں حیدرآباد جانا تھا۔

حادثے کے مقام پر پاک آرمی کا انفارمیشن سنٹر قائم کردیا گیا، سول ایوی ایشن نے شہدا کے اہل خانہ کیلئے لاہور، اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹ پر خصوصی  ایمرجنسی کاؤنٹر قائم کردیئے ہیں جہاں لواحقین کی رہنمائی کی جارہی ہے۔

پالپا نے طیارہ حادثے کی شفاف اور عالمی معیار کے مطابق تحقیقات کا مطالبہ کردیا، تنظیم نے غمزدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا اور کہا پائلٹس امدادی پروازیں چلاتے رہیں گے۔