Saturday, April 27, 2024

طیارہ حادثہ: بلیک باکس کی رپورٹ سول ایوی ایشن کو مل  گئی

طیارہ حادثہ: بلیک باکس کی رپورٹ سول ایوی ایشن کو مل  گئی
January 12, 2017

اسلام آباد (92نیوز) حویلیاں طیارے حادثے کی تحقیقات میں بڑی پیش رفت، حادثے کے شکار طیارے کے بلیک باکس کی رپورٹ سول ایوی ایشن کو موصول ہو گئی۔ چترال سے پرواز کے وقت جہاز کے دونوں انجن 100 فیصد درست تھے۔ 4بجکر 12 منٹ پر پہلی کال کے دوران پائلٹ کی آواز بالکل پرسکون تھی، صرف دو منٹ بعد ہی مے ڈے کال کر دی۔

تفصیلات کے مطابق سیکرٹری سول ایوی ایشن عرفان الہی نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی استحقاق کو بریفنگ میں بتایا کہ چترال سے ٹیک آف کرتے وقت طیارے کے دونوں انجن 100فیصد ٹھیک تھے۔ بلیک باکس کی رپورٹ کے مطابق 4بجکر 12منٹ پر پائلٹ نے پہلی کال کی۔

پہلی کال میں پائلٹ کی آواز بالکل پرسکون تھی لیکن پہلی کال کے 2 منٹ بعد ہی پائلٹ نے مے ڈے کال کردی۔ 4بجکر 14منٹ پر پائلٹ نے بتایا کہ ایک انجن کام چھوڑ چکا ہے۔

چاربجکر 17منٹ پر طیارہ جنوب کی بجائے مشرق کی طرف مڑگیا۔ 4بج کر 17منٹ پر جہاز کے پائلٹ نے آخری کال کی جس کے 10 سے 15منٹ بعد جہاز گر جانے کی اطلاع موصول ہوگئی۔

حادثے میں جہاز کے بلیک باکس کا 100 فیصد ڈیٹا محفوظ رہا۔ بلیک باکس کے مطابق جہاز نے لینڈنگ کی کوئی کوشش نہیں کی تھی۔ سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن نے بتایا کہ طیارے کا سارا ملبہ اسلام آباد منتقل کردیا گیا ہے۔

وزیراعظم نوازشریف نے حادثے کا شکار ہونے والے جہاز میں ایک ہفتہ پہلے گوادر کا دورہ بھی کیا تھا۔ سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن نے بتایا کہ تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ ایک انجن ٹھیک ہونے کے باوجود جہاز حادثے کا شکار کیسے ہو گیا۔