Saturday, May 18, 2024

طویل خشک سالی کے بعد بارش کا سلسلہ شروع ، اسموگ کے خاتمے کا بھی امکان

طویل خشک سالی کے بعد بارش کا سلسلہ شروع ، اسموگ کے خاتمے کا بھی امکان
November 14, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) طویل خشک سالی کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا۔ ابر رحمت کا آغاز بلوچستان سے ہوا جس کے بعد بارش بھرے بادلوں نے سندھ اور پنجاب کا رخ کر لیا۔ بارش سے پنجاب میں چھائی دھند اور اسموگ کے خاتمے کا بھی امکان ہے۔
کوئٹہ، چمن اور قلات سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی، زیارت میں برفباری بھی ہوئی جس نے سردی کی شدت کو بڑھا دیا۔
گرج برستے بادلوں نے بلوچستان سے سندھ کا رخ کیا۔
سکھر، خیرپور، شکارپور، جیکب آباد اور دیگر علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش نے دھند کو بھگا دیا جبکہ سرد ہواوں نے درجہ حرارت مزید کم کر دیا۔
سندھ سے ہوتے ہوئے بادل پنجاب میں داخل ہوئے اور بہاولپور، ملتان، رحیم یار خان، احمد پورشرقیہ  اور اوچ شریف سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں برسے جس سے سموگ اور دھند کا خاتمہ ہو گیا۔
لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور قریبی شہر بدستور شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ موٹروے سمیت دیگر شاہراہوں پر حد نگاہ 20 میٹر سے صفر ہے۔ ائرپورٹس پر فلائٹس آپریشن متاثر ہوا جبکہ 15 سے زائد ٹرینوں کی آمد اور روانگی تاخیر کا شکار رہی۔
محکمہ موسمیات نے آج لاہور اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ بارش سے شہریوں کی aاسموگ اور دھند سے جان چھوٹ جائے گی۔