Sunday, May 12, 2024

طورخم بارڈر سے تجارت میں اضافہ ،ملکی خزانے کو بھی فائدہ

طورخم بارڈر سے تجارت میں اضافہ ،ملکی خزانے کو بھی فائدہ
January 23, 2020
پشاور ( 92 نیوز) ضلع خیبر میں پاک افغان سرحد طورخم کو ہفتے میں 7 دن اور 24 گھنٹے کے لئے کھولا گیا تو گاڑیوں کی آمد و رفت میں اضافے کے ساتھ تجارت میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا، تجارت میں اضافے سے جہاں مقامی افراد کو روزگار کے مواقع میسر ہوئے وہاں ملکی خزانے کو بھی فائدہ پہنچ رہا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر طورخم میں پاک افغان سرحد کو 24 گھنٹے کے لئے کھول دیا گیا تو اس کے ثمرات حاصل ہونا شروع ہو گئے، کسٹم حکام کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مال بردار گاڑیوں کی آمد و رفت بڑھ گئی، محصولات میں 94 فیصد  اضافہ ہوا اور برآمدات 33 فیصد بڑھ گئیں۔ کسٹم حکام کا مزید کہنا ہے کہ اس فیصلے سے دو طرفہ تجات کا حجم تیزی سے بڑھنے لگا ہے جس سے مقامی سطح پر روزگار کے مواقع بھی پیدا ہونے لگے ہیں، حالات یہی رہے تو اس سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی سے اضافہ ہوگا۔ طورخم سرحد جہاں افغانستان کے ساتھ تجارت کے لئے اہم ہے وہاں یہ وسطی ایشیاء کی ریاستوں کے ساتھ تجارت کا گیٹ وے سمجھا جاتا ہے، تجارتی راہداری بحال ہونے سے یہ خطہ بھی عالمی تجارت کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔