Sunday, September 8, 2024

طلباءخلائی تحقیق کے شعبے میں ہونیوالی پیشرفت کی روشنی میں اپنے اہداف کا تعین کریں: صدر مملکت

طلباءخلائی تحقیق کے شعبے میں ہونیوالی پیشرفت کی روشنی میں اپنے اہداف کا تعین کریں: صدر مملکت
August 20, 2015
اسلام آباد (92نیوز) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کی اقتصادی ٹیم نے بہت مشکل حالات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ملک کے معاشی حالات کی بہتری میں اہم کردار ادا کیا ہے جس پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے اسلام آباد میں انسٹیٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی کے دسویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی معیشت میں نمایاں بہتری آرہی ہے۔ ماضی میں کرپٹ عناصر نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبے سے پاکستان میں معاشی بحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا جس سے روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ اس خطے کی سب سے اہم بندرگاہ ہوگی اور گوادر میں بحری جہازوں کی صنعت بھی قائم کی جائے گی۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پوری دنیا اور ہمارے خطے میں خلائی تحقیق کے شعبے میں جو پیشرفت ہو رہی ہے اسے پیش نظر رکھتے ہوئے ہمیں اپنے اہداف کا واضح طور پر تعین کرنا چاہیے کیونکہ اس کے بغیر ہماری کاوشیں قومی ترقی اور معاشی استحکام کی بنیاد نہیں بن سکتیں۔ صدر مملکت نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ فارغ التحصیل ہونے کے بعد زندگی کے عملی میدان میں جب قدم رکھیں تو اپنی ذات اور اہلِ خانہ کے ساتھ ساتھ اپنے عزیز وطن کی خدمت کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھیں۔