Sunday, May 19, 2024

طلبا تشدد کیس،مستونگ کیڈٹ کالج کا پرنسپل احاطہ عدالت سے گرفتار

طلبا تشدد کیس،مستونگ کیڈٹ کالج کا پرنسپل احاطہ عدالت سے گرفتار
May 15, 2018
کوئٹہ ( 92 نیوز) مستونگ کیڈٹ کالج میں طلباء پر تشدد سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے واقعہ میں ملوث تمام افراد کی گرفتاری کے احکامات جاری کر دئیے ،کیڈٹ کالج کے معطل پرنسپل کو عدالتی حکم پر احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا۔ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر مستونگ کیڈک کالج میں طلباء پر بہیمانہ تشدد کی ویڈیو سامنے آئی تو بار ایسوسی ایشن نے بلوچستان ہائی کورٹ میں واقعے کے خلاف درخواست دائر کردی گئی۔ کیس پر سماعت چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس محمد نورمسکانزئی اور جسٹس ہاشم کاکڑ پر مشتمل بینچ نے کی ،سماعت کے دوران عدالت نے واقعہ میں ملوث تمام افراد کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کئے، اور معاملے کی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت کی ۔ جسٹس ہاشم کاکڑ نے سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ ویڈیو دیکھنے کے بعد کیڈٹ کالج میں زیر تعلیم بچوں کے والدین تشویش میں مبتلا ہیں، واقعہ پر مستونگ سیشن کورٹ نے نوٹس لیتے ہوئے کیڈٹ  کالج کے پرنسپل کی گرفتاری کے احکامات جاری کئے جس پر پرنسپل کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا ۔ گورنر بلوچستان نے بھی پرنسپل کو بد انتظامی پر معطل کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کے لئے انکوائری کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کردی ۔