Thursday, May 9, 2024

طلاق کے 35 برس بعد 95 سالہ خاتون کا جہیز واپسی کا دعویٰ

طلاق کے 35 برس بعد 95 سالہ خاتون کا جہیز واپسی کا دعویٰ
February 17, 2020
لاہور (92 نیوز) بہت دیر کی مہرباں آتے آتے، لاہور کی فیملی کورٹ میں انوکھا کیس دائر کردیا گیا۔ 95 سالہ خاتون نے اپنے 100 سالہ سابق شوہر سے طلاق کے 35 سال بعد جہیز واپس دلانے کی اپیل کردی۔ 95 سال کی خاتون اور 100 سال کا مرد انوکھے کیس میں عدالت پہنچ گئے، دونوں کے درمیان 35 سال قبل طلاق ہوئی، خاتون کو اب یاد آیا جہیز بھی تو واپس لینا تھا، لاہور کی فیملی کورٹ میں طلاق کے 35 سال بعد جہیز واپسی کا دعویٰ دائر کردیا۔ بابا اسماعیل کی شادی تاج بی بی کے ساتھ 1960 میں ہوئی، دونوں کے درمیان تعلقات خراب ہوئے تو 80 کی دہائی میں طلاق ہوگئی، طلاق کے 35 سال بعد خاتون نے جہیز کا دعویٰ دائر کیا تو بابا اسماعیل وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوگئے۔ اسماعیل کا کہنا ہے تاج بی بی کو خالی ہاتھ بیاہ کر ساتھ لایا، بابا اسماعیل کے ہمراہ 85 سالہ گواہ بھی پیش ہوا جس نے کہا خاتون اپنے ساتھ جہیز میں کوئی بھی چیز لے کر نہیں آئی۔ بابا اسماعیل کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ خاتون نے جو چیزیں واپس کرنے کا مطالبہ کیا وہ 1960 میں پاکستان کے اندر میسر ہی نہیں تھی، عدالت اس دعوے کو جھوٹ قرار دے کر خارج کردیا۔ بابا اسماعیل کی عمر 100 سال جبکہ تاج بی بی کی 95 سال ہے، دونوں کے درمیان انوکھی قانونی جنگ کیا رنگ اختیار کرے گی سب کو نتیجے کا انتظار ہے۔