Friday, April 19, 2024

طرز حکمرانی میں کے پی کے حکومت سرفہرست : پلڈاٹ

طرز حکمرانی میں کے پی کے حکومت سرفہرست : پلڈاٹ
October 27, 2015
اسلام آباد(92نیوز)پلڈاٹ کے سروے کے مطابق طرز حکمرانی کے معیار میں خیبر پختونخوا حکومت چاروں صوبوں پر سبقت لے گئی جبکہ مجموعی اشاریوں میں پنجاب حکومت سر فہرست ہے،اداروں پر عوامی اعتماد کے حوالے سے پاک فوج پہلے نمبر پر ہے جبکہ سب سے زیادہ منفی تاثر نیب کے بارے میں پایا جاتا ہے۔ تفصیلات کےمطابق پلڈاٹ نے سالانہ سروے کے دوسرے حصے کے نتائج جاری کئے ہیں جن کے مطابق طرز حکمرانی کے معیار میں خیبر پختونخوا حکومت پہلے نمبر پر ہے پنجاب دوسرے ،سندھ اور بلوچستان تیسرے نمبر پر ہیں، سروے کے مطابق جواب دہندوں کی مجموعی مقبولیت  میں پنجاب حکومت چھہتر فیصد کے ساتھ پہلے نمبر پر رہی ،خیبر پختونخوا اڑتیس فیصد کے ساتھ دوسرے، سندھ تیس فیصد کے ساتھ تیسرے اور بلوچستان حکومت اٹھائیس فیصد کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہی۔ توانائی روزگار کی فراہمی، محصولات جمع کرنے، سرمایہ کاری کے لئے دوست ماحول کے اشاریوں میں چاروں صوبوں کی کارکردگی  منفی دکھائی دی جبکہ وفاقی حکومت کی مقبولیت صرف تیس فیصد رہی وفاقی وزارتوں میں سب سے بہتر کارکردگی وزارت دفاع کی پچپن فیصد رہی جبکہ باقی تمام وزارتیں پچاس فیصد مقبولیت بھی حاصل نہیں کر پائیں  عوام کے مطابق سب سے بڑا مسئلہ توانائی بحران ہے جبکہ بے روزگاری دوسرا بڑا چیلنج ہے دہشتگردی اور امن و امان کو عوام نے تیسرے درجے پر رکھا، سروے نتائج کے مطابق کرپشن کوئی بڑا مسئلہ ہی نہیں کیونکہ صرف تین فیصد جواب دہندوں نے کرپشن کو مسئلہ قرار دیا۔