Wednesday, May 8, 2024

طبی ماہرین کا ڈینگی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اپنانے کا مشورہ

طبی ماہرین کا ڈینگی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اپنانے کا مشورہ
September 16, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) ڈینگی مچھر کے وارجاری ہیں جس سے سیکڑوں افراد شکار بن چکے ہیں ، احتیاطی تدابیراپنا کر ڈینگی وائرس سے محفوظ رہاجاسکتا ہے، طبی ماہرین  کے مطابق  لمبی آستین والی قمیص  پہنی جائے،گھروں میں کسی بھی جگہ پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے۔ ڈینگی مچھر نے ملک بھر میں حملےتیز کر دیے  جب کہ اب تک 6 افراد ڈینگی سے ہلاک ہونے  کی تصدیق ہوئی ہے  اور سینکڑوں مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔ ڈینگی وائرس سے بچنے کےلیے احتیاطی تدابیر علاج سے بھی زیادہ اہمیت رکھتی ہیں ، احتیاط برتنے سے بڑی حد تک ڈینگی بخارسےمحفوظ رہا جاسکتا ہے اورموذی مرض کا پھیلاؤ بھی روکا جاسکتاہے۔ طبی ماہرین  کے مطابق ڈینگی مچھر کے کاٹنے کا صبح سویرے اور غروب آفتاب کے وقت خطرہ زیادہ ہوتا ہے، ان اوقات میں لمبی آستین والی قمیص  پہنی جائے،بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلا جائے۔ جسم کے کھلے حصے،منہ اور بازوؤں پر مچھربھگانے والا لوشن لگایا جائے ، گھروں اور دفاتر میں مچھر مار اسپرے، کوائل اور میٹ کا استعمال کیا جائے،کھڑکیاں اوردروازے بند رکھے جائیں۔ ڈینگی مچھر چونکہ صاف پانی میں پرورش پاتا ہے  لہذا گھروں میں کسی بھی جگہ پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے،پودوں اور بیلوں کی کیاریوں میں مچھر ماراسپرے کرائی جائے۔ پانی کی ٹینکی کی صفائی کا خصوصی خیال رکھا جائے،ایئرکولرکو خشک رکھیں،کھلی فضا میں سونے والے مچھردانی کا استعمال ضرور کریں۔