Saturday, April 20, 2024

طبی بنیاد پر زرداری کی درخواست ضمانت کل دائر کردی جائیگی، بلاول

طبی بنیاد پر زرداری کی درخواست ضمانت کل دائر کردی جائیگی، بلاول
December 2, 2019
کراچی (92 نیوز) طبی بنیاد پر زرداری کی درخواست ضمانت دائر کرنے کا اعلان کردیا گیا، بلاول بھٹو نے کہا امید ہے کل تک درخواست دائر کردی جائے گی۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے دوران گفتگو کہا کہ آصف زرداری کافی عرصے سے اسپتال میں زیرعلاج ہیں، کوشش تھی زرداری کو ذاتی معالج کی سہولت مل سکے، ہم زیادہ مطمئن تب ہوتے جب ہمارا ڈاکٹر بھی شامل ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے آج آصفہ بی بی کی درخواست کو مان لیا ہے، اب ضمانت کیلئے اپیل دائرکریں گے، سیاسی حالات پرآصف زرداری سے کافی طویل گفتگوہوئی، آصف زرداری اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے کیلئے تیارنہیں ہیں۔ بلاول بھٹو کہتے ہیں کہ آزاد کشمیر کے عوام نے پیپلز پارٹی کے جلسے میں بھرپور شرکت کی، 27 دسمبر کو پیپلزپارٹی بےنظیر بھٹو کی برسی لیاقت باغ میں منائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام کیلئے آخری دن تک جدوجہد کرتی رہے گی، پورا ملک سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا منتظرہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ تفصیلی فیصلے میں کافی گائیڈ لائنز دی جائیں گی، پیپلزپارٹی کے وکلاء سے مشورہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا ہم سمجھتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان مفاہمت نہیں چاہتے، وزیراعظم عمران خان سے ہم کوئی بہتری کی امید نہیں رکھتے، عمران خان کی باتوں سے لگتا ہے کہ وہ غیرسنجیدہ وزیراعظم ہیں، شہبازشریف نے جو3 نام بھیجے وہ رہبرکمیٹی نے منتخب کیے، شہبازشریف کے بھیجے 3 ناموں پرتمام اپوزیشن جماعتوں کا اتفاق ہے۔ چیئرمین پی پی بولے کہ کشمیر پر مفاہمتی پالیسی کی ضرورت تھی تو فریال تالپور کو گرفتار کیا گیا، عمران خان صرف پی ٹی آئی کے نہیں پورے پاکستان کے وزیراعظم ہیں، عمران خان آج بھی کنٹینر پر ہیں جس سے پورے ملک کونقصان ہو رہا ہے، پیپلزپارٹی کا فارن فنڈنگ سے کوئی تعلق نہیں، زرداری پیپلزپارٹی پرفارن فنڈنگ کے تمام الزامات جھوٹے ہیں، فارن فنڈنگ تحریک انصاف کو ملی ہے۔