Friday, May 10, 2024

طبی بنیاد پر رہا نوازشریف نے بیرون ملک جانے کی اجازت مانگ لی

طبی بنیاد پر رہا نوازشریف نے بیرون ملک جانے کی اجازت مانگ لی
April 25, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) جیل سے طبی بنیاد پر رہا نوازشریف نے بیرون ملک جانے کی اجازت مانگ لی۔ برطانیہ میں علاج کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔

 نواز شریف کی جانب سے سپریم کورٹ میں ضمانت کے فیصلے پر نظر ثانی کی 15 صفحات پر مشتمل درخواست دائر کی گئی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ نواز شریف کو بیرون ملک علاج کرانے کی بھی اجازت دی جائے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت کے زبانی اور تحریری حکمناموں میں تضاد ہے، زبانی حکم میں کہا گیا ضمانت میں توسیع کیلئے ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے، تحریری حکم میں ضمانت میں توسیع کا ذکر نہیں ، یہ کوئی ٹائپنگ کی غلطی ہو سکتی ہے۔

 درخواست میں مزید کہا گیا کہ نوازشریف سرنڈر کرنے کی صورت میں ہی دوبارہ ضمانت کے اہل ہوں گے۔ نواز شریف کو دل اور گردوں کے امراض لاحق ہیں۔ چھ ہفتوں میں علاج اور مکمل صحت یاب ہونا ممکن نہیں۔ امریکہ ، برطانیہ اور سوئس ڈاکٹرز نے بھی نوازشریف کے امراض کی نوعیت سنجیدہ قراردی ہے ۔

 درخواست میں نواز شریف کی جانب سے عدالت سے 26 مارچ کے حکمنامے پر نظرثانی کی استدعا کی گئی ہے۔