Monday, September 16, 2024

طاہر القادری کا 20 اگست کو لاہور سمیت 100 شہروں میں دھرنے کا اعلان

طاہر القادری کا 20 اگست کو لاہور سمیت 100 شہروں میں دھرنے کا اعلان
August 11, 2016
لاہور (92نیوز) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے 20 اگست کو لاہور اور راولپنڈی سمیت 100 شہروں میں دھرنے دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا شریف برادران کا اقتدار میں رہنا ملکی سلامتی کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ دہشت گردی کے معاملے پر قوم کو تقسیم اور قومی سلامتی کے اداروں کو بدنام کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طاہر القادری نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ کے بعد وزیراعظم نے قومی اسمبلی میں اپنے اتحادیوں کے ذریعے قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف بیان دلوائے۔ آپریشن ضرب عضب پر فوج نے عمل کیا جبکہ وفاقی حکومت جان بوجھ کر نیشنل ایکشن پلان کو ناکام بنا رہی ہے۔ پنجاب میں کومبنگ آپریشن کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ طاہرالقادری نے کہا کہ شریف خاندان کی حکومت کے خلاف فیصلہ کن تحریک کی کا وقت آگیا ہے۔ نواز شریف قوم کو جواب دیں کہ ایسی کیا وجہ ہے کہ انڈیا ان کا اقتدار بچانے کی کوشش کر رہا ہے ؟ وہ اب صرف ماڈل ٹاون سانحہ کا انصاف لینے کیلئے ہی نہیں ملکی سلامتی کیلئے باہر نکل رہے ہیں۔ سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ ملک اندرونی اور بیرونی خطرات میں گھرا ہے۔ حکمران ملک دشمنوںکے خلاف دوٹوک موقف اختیار کرنے کے بجائے بھانت بھانت کی بولیاں بول کر قوم کو الجھا کر خطرات کو مزید بڑھا رہے ہیں۔