Friday, April 19, 2024

  طاہر القادری 29جون کو پھرملک  واپسی کیلئے پر تولنے لگے

   طاہر القادری 29جون کو پھرملک  واپسی کیلئے پر تولنے لگے
June 20, 2015
لاہور(92نیوز)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہرالقادری نے گرمی میں سیاسی ماحول  کومزید گرم کرنے کے لئے وطن واپسی کا پروگرام بنالیا، انتیس جون کووطن واپسی پرحکومت کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک برس قبل تئیس جون کو ڈاکٹرطاہرالقادری ملک واپس آئے توانہوں نے حکومت کو خلاف احتجاجی تحریک کا اعلان کردیا۔ حکمرانوں کو بدعنوانوں،چوروں اورلٹیروں کا ٹولہ قراردیا اورحکومت کے خاتمے تک تحریک چلانے کا فیصلہ سنا دیا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداکے خون سے ان کی تحریک میں جان آئی اورانہوں نےپی ٹی آئی کی طرح چودہ اگست کواسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کردیا۔ طاہرالقادری کا قافلہ لاہورسے نکلا توکہا گیا کہ حکومت اب چند دن کی مہمان ہے۔ طاہرالقادری اسلام آباد پہنچے تو اپنی پہلی تقریرمیں حکومت کو اقتدارچھوڑٖنے،اسمبلیاں توڑنے اورٹیکنوکریٹ کی حکومت بنانے کیلئےتین دن کی مہلت دے دی۔ حکومت ٹس سے مس نہ ہوئی توپھریہ سلسلہ چل نکلااحتجاج طویل ہوتا گیا اوردال نہ گلنے پرڈاکٹرطاہرالقادری نے ملک گیراحتجاج کی کال دے دی۔ کئی شہروں میں جلسے بھی کئےاس دوران ان کے حکومت سے مذاکرات چلتے رہے اورپھرانہوں نے اچانک دھرنا اوراحتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ واضح رہے کہ ایک سال پہلےجب ڈاکٹرطاہرالقادری واپس آئے توان کے طیارے کو اسلام آبادمیں اترنےکی اجازت نہ ملی اوران کی پروازکا رُخ لاہورکی طرف موڑدیا گیاطیارہ لاہور پہنچا توطاہرالقادری نے طیارے سے باہر نکلنے کے لئے کئی شرائط رکھ دیں۔ کئی گھنٹے تک تماشالگا رہا اورپھراس وقت کے گورنرچودھری سرورکی ضمانت پروہ طیارے سے باہرآئے تھے۔ اس باروہ گورنربھی نہیں رہے اب ڈاکٹرطاہرالقادری ڈٹ گئے توکیا ہوگا، اس کا پتہ انتیس جون کو ہی چلے گا۔