Wednesday, April 24, 2024

طالبان ہی افغانستان کے حکمران ہیں دنیا یہ حقیقت تسلیم کرے، عبوری افغان وزیر خارجہ

طالبان ہی افغانستان کے حکمران ہیں دنیا یہ حقیقت تسلیم کرے، عبوری افغان وزیر خارجہ
September 14, 2021 ویب ڈیسک

کابل (92 نیوز) عبوری افغان وزیر خارجہ امیر متقی نے عالمی برادری پر واضح کرتے ہوئے کہا کہ طالبان ہی افغانستان کے حکمران ہیں دنیا کو یہ حقیقت اور طالبان حکومت تسلیم کرنا ہوگی۔

کابل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طالبان کو دباؤ میں لانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ افغانستان میں امن قائم ہو چکا، عالمی برادری ، صحت، تعلیم اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں تعاون کرے۔

اُن کا کہنا تھا کہ حکومت میں تمام مسلکوں اور قومیتوں کو نمائندگی دینے  دی گئی، کہا کہ طالبان پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا واویلا بے بنیاد ہے۔

امیر متقی نے کہا کہ افغان عوام کیلئے امداد کا اعلان کرنے والے ممالک کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ رقم افغان بینک کے ذریعے مستحقین تک پہنچائی جائے گی۔ امید ہے کہ عالمی برادری افغانستان کو دی جانے والی امداد سیاسی عزائم و مقاصد کے ساتھ مشروط نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا جو لوگ افغانستان سے جانا چاہتے ہیں وہ جانے کیلئے آزاد ہیں۔ سرمایہ کار افغانستان آئیں انہیں مکمل سکیورٹی فراہم کریں گے، جن عالمی اداروں نے افغانستان میں اپنے منصوبے نامکمل چھوڑے انہیں چاہیے وہ منصوبے مکمل کریں، ہم بھرپور تعاون کریں گے۔ مشکل حالات میں پاکستان، قطر اور متحدہ عرب امارات نے افغان عوام کی بہت مدد کی جس پر ہم ان کے ممنون ہیں۔

افغانستان کے عبوری افغان وزیر خارجہ نے کہا کہ کوشش ہو گی کہ بیرون ملک مقیم مہاجرین اپنے ملک واپس آ جائیں، ملک کے اندر بے گھر افراد کو بھی اپنے علاقوں اور گھروں میں آباد کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔