Friday, March 29, 2024

طالبان نے صوبہ پنج شیر میں مکمل فتح کا اعلان کردیا

طالبان نے صوبہ پنج شیر میں مکمل فتح کا اعلان کردیا
September 6, 2021 ویب ڈیسک

کابل (92 نیوز) افغان طالبان نے صوبہ پنج شیر میں مکمل فتح کا اعلان کردیا۔

ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا، ہمارا پنج شیر پر مکمل قبضہ ہوچکا اور اسلحے کو قبضے میں لیا جا چکا ہے۔ طالبان امیر ہیبت اللہ نے عام معافی کا اعلان کیا ہے اور پنج شیر کے عوام کو بھی باقی افغانستان کی طرح تحفظ و امان حاصل ہوگی۔

ذبیح اللہ مجاہد نے مزید کہا، پنج شیر میں معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن امن کی کوششیں کامیاب نہیں ہوسکیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ، کابل میں امن وامان قائم ہو چکا ہے، طالبان کو کسی کو تنگ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ عوام کو کسی صورت تنگ نہیں کیا جائےگا، امن وامان قائم رکھنے کیلئے خصوصی دستے تشکیل دیئے گئے ہیں۔

اُنہوں نے بتایا کہ، ترکی اور یو اے ای کے تعاون سے کابل ائیر پورٹ کام کر رہا ہے۔ بہت جلد ہی کابل ائیر پورٹ مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔ امریکا نے ایئرپورٹ اور جہازوں کو نقصان پہنچایا۔

ترجمان طالبان نے کہا، کابل ایئرپورٹ سے اندرون ملک پروازوں کو سلسلہ شروع ہوگیا۔ متحدہ عرب امارات سے امدادی اشیا پہنچ رہی ہیں۔ کئی ممالک سے خوراک اور ادویات پہنچ گئی ہیں۔ بہت جلد ملک کے طول وعرض میں امدادی اشیاء پہنچا دی جائیں گی۔ عوام پریشان نہ ہوں بہت جلد مہنگائی ختم کردیں گے۔

ذبیح اللہ مجاہد نے مزید کہا، دنیا کو افغانستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔ افغانستان میں تجارت کو بحال کردیا، بہت سے ممالک افغانستان کو تجارتی سامان بھجوا رہے ہیں۔ طالبان دن رات کام کر ر ہے ہیں، امن قائم ہو گیا ہے۔ بہت جلد افغانستان کے عوام ترقی کی راہ پر گامزن ہوجائیں گے۔ تاجر اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھیں، تاجروں کا بڑا طبقہ محب وطن ہے، مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔