Thursday, April 25, 2024

طالبان نے قندھار کے میربازار اور ضلع شين ڈنڈ پر کنٹرول حاصل کرلیا

طالبان نے قندھار کے میربازار اور ضلع شين ڈنڈ پر کنٹرول حاصل کرلیا
July 11, 2021

کابل (92 نیوز) طالبان نے افغانستان کے دوسرے بڑے شہر قندھار کے میربازار اور ضلع شين ڈنڈ پر کنٹرول حاصل کرلیا۔ 

آج طالبان نے 23 صوبوں میں 88 حملے کئے جن میں 50 اضلاع کو نشانہ بنایا گیا۔

ارغنداب، ڈھنڈ اور ارغستان کے اضلاع میں جھڑپیں شروع ہوچکیں۔ تازہ جھڑپوں میں 13 شہری زخمی، ایک جاں بحق  ہوا۔ غزنی میں ہزارہ قبیلے کے افراد بھی نشانے پر آگئے۔غزنی میں بھی طالبان حملوں میں شدت آگئی، توپخانے کا استعمال کیا گیا۔ جگوڑی، ملستان اور ناہر کے علاقوں پر بھی طالبان کے حملے جاری ہیں۔

افغان آرمی کمانڈر کے مطابق قندوز میں دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، طالبان کو قندوز شہر سے کافی حد تک دور دھکیل دیا ہے۔ طالبان کی جانب سے کئی اضلاع پر کنٹرول کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

بھارت نے قندھار میں قونصل خانے سے اپنےعملے کو نکال لیا۔ بھارتی میڈٖیا کے مطابق قونصل خانے کے 50 اہلکاروں کو خصوصی پرواز کے ذریعے بھارت لے جایا گیا۔

دوسری جانب افغان طالبان نے زیر قبضہ علاقوں میں اپنے قوانین نافذ کردیئے۔ افغان طالبان نے داڑھی منڈوانے اور محرم کے بغیر خاتون کے سفر پر پابندی عائد کردی۔ دوسرے ممالک سے آنے والے گوشت کی خریدوفروخت ممنوع قرار دیدی۔ موسیقی بجانا بھی جرم قرار دیدیا، مختلف علاقوں میں طالبان نے پمفلٹ تقسیم کردیئے۔