Thursday, March 28, 2024

طالبان نے صوبے نمروز کے دارالحکومت زرنج پر قبضہ کرلیا

طالبان نے صوبے نمروز کے دارالحکومت زرنج پر قبضہ کرلیا
August 6, 2021 ویب ڈیسک

کابل (92 نیوز) طالبان کی صوبہ جوزجان اور شبرغان کی طرف پیشقدمی جاری ہے، جنوب مغربی صوبے نمروز کے دارالحکومت زرنج پر قبضہ کرلیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق نمروز کے دارالحکومت زرنج پر جمعے کی سہ پہرکو قبضہ کیا گیا۔ زرنج کسی صوبے کا پہلا دارالحکومت ہے جس پر طالبان قابض ہوگئے۔

صوبہ نمروز کا دارالحکومت زرنج ایرانی سرحد کے قریب واقع اہم تجارتی شہر ہے، افغانستان کے مغربی علاقے ہرات اورلشکرگاہ میں بھی شدید لڑائی جاری ہے۔

دوسری جانب افغان حکومت کی درخواست پر افغان صورتحال پر غور کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا۔

افغان نمائندہ برائے اقوام متحدہ غلام ایم اسقزئی کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ، پاکستان طالبان کے خاتمے کیلئے افغانستان کی مدد کرے۔ اُنہوں نے مزید کہا، افغانستان میں طالبان کے شدید حملے جاری ہیں، جس سے ملک میں عدم استحکام پیدا ہوگیا ہے۔