Sunday, September 8, 2024

طالبان میں اختلافات کی خلیج وسیع !!! طیب آغا طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ کی حیثیت سے مستعفی ہو گئے

طالبان میں اختلافات کی خلیج وسیع !!! طیب آغا طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ کی حیثیت سے مستعفی ہو گئے
August 4, 2015
کابل (ویب ڈیسک) افغان طالبان میں قیادت کے بحران پر تقسیم مزید گہری ہو رہی ہے۔ قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ طیب آغا سے مرکزی شوریٰ نے استعفیٰ لے لیا۔ امریکی اور افغان میڈیا کی رپورٹس کے مطابق افغان طالبان کے قطر میں سیاسی دفتر کے سربراہ طیب آغا مستعفی ہو گئے۔ طیب آغا نے سوموار کو استعفیٰ دیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق طیب آغا کا کہنا ہے کہ اب وہ کسی افغان یا غیرملکی کے ساتھ افغان طالبان کے نمائندے کی حیثیت سے کوئی ملاقات یا مذاکرات نہیں کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ طیب آغا سے طالبان کی رہبر شوریٰ نے استعفیٰ طلب کیا تھا تاہم استعفیٰ طلب کئے جانے کی وجوہات واضح نہیں بلکہ قیادت کے بحران سے پیدا ہونے والے اختلافات کو وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ طیب آغا کے استعفیٰ کا دعویٰ ایک ہفتہ پہلے طالبان کے باغی دھڑے فدائی محاذ نے بھی کیا تھا۔