Thursday, March 28, 2024

طالبان معاہدے کے تحت امریکا نے افغانستان میں 5 فوجی اڈے خالی کردئیے

طالبان معاہدے کے تحت امریکا نے افغانستان میں 5 فوجی اڈے خالی کردئیے
July 16, 2020
واشنگٹن (92 نیوز) امریکا طالبان معاہدے کی اہم شق پر عملدرآمد کے تحت امریکا نے افغانستان میں 5 فوجی اڈوں کو خالی کر دیا۔  فوجی اڈوں کی بندش کے بعد افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد 14 ہزار سے کم ہو کر تقریباً ساڑھے آٹھ ہزار رہ جائے گی۔ افغانستان میں امریکی فوج کی پسپائی کی داستان، امریکا طالبان معاہدے پر عملدرآمد کیساتھ اپنے انجام کو پہنچنے لگی، امریکا نے افغانستان میں 5 فوجی اڈوں کو خالی کر دیا۔ پینٹاگون اور زلمے خلیل زاد نے تصدیق کر دی۔ پینٹاگون کے ایک افسر نے بتایا کہ افغانستان کے 5 فوجی اڈوں کو امریکا طالبان معاہدے کے تحت بند کر دیا گیا ہے، خالی کرائے گئے فوجی اڈوں میں ہلمند، اورزگان، پک تیکا، اور لغمان کے فوجی اڈے شامل ہیں۔ فوجی اڈوں کی بندش کے بعد افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد 14 ہزار سے کم ہو کر تقریباً ساڑھے آٹھ ہزار رہ جائے گی۔ امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کا کہنا ہے کہ امریکا طالبان معاہدے کے 135ویں روز اہم سنگ میل عبور کر لیا۔ امریکا نے معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے بھرپور محنت کی، جس میں پانچ فوجی اڈوں سے انخلاء کی صورت، فوجیوں کی تعداد میں کمی شامل ہے۔ زلمے خلیل زاد نے مزید کہا کہ امریکا طالبان معاہدے کے بعد علاقائی تعلقات میں بہتری آئی ہے، معاہدے کے بعد سے اب تک کوئی امریکی ہلاک نہیں ہوا، تاہم انسداد دہشتگردی کے لیے مزید پیش رفت کی ضرورت ہے، جس کیلئے تمام فریقین کو تشدد میں کمی کرنا ہوگی۔