Tuesday, April 23, 2024

طالبان اور افغان فورسز میں لڑائی شدت اختیار کر گئی

طالبان اور افغان فورسز میں لڑائی شدت اختیار کر گئی
June 27, 2021

کابل (92 نیوز) افغانستان کے شمال میں طالبان اور افغان فوج کے درمیان جاری لڑائی شدت اختیار کر گئی۔

طالبان کابل کے نزدیک پہنچ گئے۔ کابل سے 63 کلو میٹر دور طالبان اور افغان فورسز میں شدید لڑائی جاری ہے۔ افغان فورسز اور طالبان کے درمیان کابل کے شمال میں واقعہ صوبہ پروان کے مرکز میں لڑائی ہورہی ہے۔ پروان کابل سے 63 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

افغان میڈیا کے مطابق صوبہ پروان کے دو اضلاع شنواری اور سیہا گیرد پر طالبان نے قبضہ کر لیا ۔ کابل سے 50 کلومیٹر دور ضلع دارائے گوربند پر طالبان نے حملے شروع کر دئیے ہیں۔ افغان میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ کابل طالبان نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 5 اضلاع پر قبضہ کر لیا ہے۔ طالبان نے صوبہ بلخ میں شورتاپا، صوبہ میدان واردک میں چاک اور سید آباد، صوبہ ٹاکھر میں رستک اور صوبہ قندھار کے ضلع ارگستان پر 24 گھنٹوں کے دوران قبضہ کیا ہے۔

افغان صوبہ ٹاکھر کے 13 اضلاع پر طالبان قابض ہو چکے ہیں۔ تاجکستان کی سرحد پر واقعہ شیرخان  گاؤں مکمل طور پر طالبان کے کنٹرول میں آچکی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان فورسز نے گزشتہ 3 دنوں میں 11 اضلاع طالبان کے قبضے سے چھڑا لئے ہیں جبکہ دوماہ سے جاری لڑائی کے دوران طالبان اب تک افغانستان کے 108 اضلاع پر قابض ہو چکے ہیں۔