Friday, April 26, 2024

طالبان اور افغان عمائدین نے ملک میں امن لانے کیلئے روڈ میپ دے دیا

طالبان اور افغان عمائدین نے ملک میں امن لانے کیلئے روڈ میپ دے دیا
July 9, 2019
دوحا (92 نیوز) قطر کے دارالحکومت دوحا میں ہونے والے مذاکرات کے بعد طالبان اور افغان عمائدین نے ملک میں امن لانے کیلئے روڈ میپ دے دیا۔ فریقین نے افغانستان میں جاری جنگ میں عام شہریوں کا جانی نقصان ختم کرنے پر اتفاق کیا۔ طالبان اور افغان عمائدین کے درمیان دوحا میں منعقدہ دو روزہ امن کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی جس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق افغانستان میں اندرونی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کی واپسی اور علاقائی طاقتوں کی عدم مداخلت پر اتفاق ہوا۔ یہ بھی طے پایا کہ عورتوں کو سیاسی، سماجی، معاشی، تعلیمی اور ثقافتی حقوق دیے جائیں۔ فریقین نے جنگ زدہ ملک میں عام شہریوں کی ہلاکتیں ختم کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ سکول، مدرسہ ،اسپتال ،بازار ،اور دیگر عوامی مقامات کی سکیورٹی  یقینی بنانے پر  بھی اتفاق کیا گیا۔ کانفرنس میں شامل شرکا  نے واضح کیا کہ  مذکورہ اعلامیہ  معاہدہ نہیں بلکہ افغانستان میں  امن کی جانب ایک روڈ میپ ہے ۔ دوسری طرف امریکی نمائندہ خصوصی اور طالبان کے درمیان مذاکرات دو دن کے وقفے کے بعد  آج دوبارہ شروع ہونگے ۔ امریکہ ستمبر میں ہونے والے اگلے صدارتی انتخابات سے قبل کوئی معاہدہ کرنا چاہتا ہے تاکہ وہاں سے امریکی افواج کی وطن واپسی کی راہ ہموار ہوسکے۔