Friday, May 10, 2024

طالبان اور افغان رہنماؤں کے درمیان افغان کانفرنس اختتام پذیر

طالبان اور افغان رہنماؤں کے درمیان افغان کانفرنس اختتام پذیر
February 7, 2019
ماسکو( 92 نیوز) ماسکو میں طالبان اور افغان رہنماؤں کے درمیان دو روزہ افغان کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی ، طالبان کے دس رکنی وفد کی قیادت شیر محمد عباس ستانکزئی جبکہ افغان وفد کی سربراہی سابق صدر حامد کرزئی نے کی۔ دو روزہ افغان  کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا ،  اعلامیہ کے مطابق افغان تنازع کے حل کیلئے افغانوں کے مابین مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ طالبان نے اپنے رہنماؤں کے نام امریکی بلیک لسٹ سے نکالنے کا مطالبہ بھی کیا ۔ امن مذاکرات کے بعد سکیورٹی اور دیگر اداروں میں اصلاحات پر اتفاق کیا گیا ہے ۔ فریقین میں افغانستان میں غیرملکی مداخلت اور افغان سر زمین کسی اور ملک کے خلاف استعمال نہ ہونے پر بھی اتفاق ہوا ہے ، فریقین نے اگلی امن کانفرنس قطر میں کرانے پر اتفاق کیا۔ اعلامیہ کے مطابق افغانستان کے ہرعلاقے میں بنیادی اسلامی قوانین کا احترام اور پاسداری  یقینی بنانے پر بھی اتفاق ہوا۔ مذاکرات کے اختتام پر طالبان وفد کے سربراہ کا کہنا تھا کہ فریقین بہت سے نکات پر متفق ہو چکے ہیں ،افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاء کے ٹائم فریم پر بات جاری رہے گی ۔ افغان وفد کے سربراہ  اور سابق صدر حامد کرزئی نے کہا کہ مذاکرات بہت اطمینان بخش  رہے ، غیر ملکی افواج کے انخلاء کا معاملہ بھی حل کے قریب ہے ۔