Thursday, March 28, 2024

طالبان امیر ملا اختر منصور کے ڈرون حملے میں مارے جانے کی اطلاع

طالبان امیر ملا اختر منصور کے ڈرون حملے میں مارے جانے کی اطلاع
May 22, 2016
کابل (ویب ڈیسک) افغان طالبان کے امیر ملا اختر منصور سمیت کئی طالبان رہنماوں کے پاک افغان سرحدی علاقے میں امریکی ڈرون طیارے کے میزائل حملے میں مارے جانے کی اطلاع ہے تاہم آزاد ذرائع اور طالبان کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔ پینٹاگان نے ملا اختر منصور پرحملے کی تصدیق کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ طالبان لیڈر ملا اختر منصور ممکنہ طور پر پاک افغان سرحدی علاقے میں ڈرون طیارے کے میزائل حملے میں مارے گئے ہیں۔ عہدیدار کا کہنا ہے کہ ڈرون حملہ صدر باراک اوباما کے حکم پر افغانستان کی سرحد کے ساتھ پاکستانی علاقے میں کیا گیا۔ عہدیدار نے اپنا نام خفیہ رکھے جانے کی شرط پر بتایا کہ حملہ جمعہ کی رات کیا گیا جس میں پاک افغان سرحد پر دور دراز علاقے احمدوال کے قریب طالبان کمانڈر کی گاڑی پر کئی میزائل داغے گئے۔ حملے میں ممکنہ طور پر ملااختر اور اس کے ساتھ سفر کرنے والے طالبان ہلاک ہو گئے ہیں۔ حملہ سرحدی علاقے کے قصبہ احمد وال کے جنوب مغرب میں کیا گیا۔ ملا اختر منصور عرصے سے منظرعام پر نہیں تھے اور ان کے امیر منتخب ہونے کے بعد سے طالبان گروپوں میں اختلافات کی خبریں آئی تھیں اور پہلے بھی دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ طالبان کی باہمی لڑائی میں مارے گئے ہیں۔ طالبان نے ملا عمر کے انتقال کی خبر کی بھی عرصے بعدتصدیق کی تھی۔