Tuesday, April 23, 2024

طالب علم اعتزاز حسن کو شہادت کا اعزاز پائے پانچ سال ہو گئے

طالب علم اعتزاز حسن کو شہادت کا اعزاز پائے پانچ سال ہو گئے
January 6, 2019
پشاور (92 نیوز) جرات و بہادری کی داستان رقم کرنے والے ہنگو کے طالب علم اعتزازحسن کو شہادت کا اعزاز پائے پانچ سال ہو گئے۔ چہرے پر معصومیت اور بھاری بھر کم جسامت کا حامل سولہ سالہ اعتزاز حسن خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو کے گورنمنٹ ہائی اسکول ابراہیم زئی میں نویں جماعت کا طالب علم تھا۔ 6 جنوری 2014 کی صبح وہ گھر سے اسکول جانے کے لئے نکلا۔ اسکول کے قریب پہنچا ہی تھا کہ ایک اجنبی کو اسکول میں داخل ہوتے دیکھ کرخطرے کی بو سونگ لی اور اس پر جھپٹ پڑا۔ خودکش دھماکا ہوا اور اعتزاز نے شہادت کا اعزاز پایا۔ اعتزاز کی جرات و بہادری نے اسکول میں اسمبلی کے لئے جمع سینکڑوں بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بننے سے بچایا تو ہر کوئی اعتزاز حسن کی اس قربانی کا اعتراف کر رہا ہے۔ ہنگو کے اس بہادر سپوت نے ثابت کر دیا کہ جب تک وطن عزیزمیں اس جیسے بیٹے موجود ہیں ملک دشمن اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے۔