Tuesday, May 7, 2024

طاقتور سمندری طوفان جیبی نے جاپان میں تباہی مچادی

طاقتور سمندری طوفان جیبی نے جاپان میں تباہی مچادی
September 4, 2018
ٹوکیو( 92 نیوز) پچیس سال کے طاقتور سمندری طوفان جیبی نے جاپان میں تباہی مچادی، مختلف حادثات میں 3 افراد ہلاک اور 148 زخمی ہوچکے ہیں جب کہ تیز رفتار ہوائیں گھروں کی چھتیں اور گاڑیوں سمیت  ہر شے کو اڑا لے گئیں۔ بحر جنوبی اوقیانوس میں اٹھنے والا طاقتور سمندری طوفان جیبی اپنی پوری شدت سے جاپان کے مغربی ساحل سے ٹکرا گیا ۔ کیٹگری فائیو کے طوفان سے ملک کا بڑا حصہ متاثر ہوا ہے ، 220 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں ، موسلادھار بارشوں اور لینڈسلائیڈنگ نے ہر شے کو تہس نہس کرڈالا ، اوسکا میں 2591 ٹن وزنی بحری جہاز ایک پل سے جاٹکرایا ۔ شیکوکو، فوکوئی، اوساکا، ہیوگو، نارا اور واکایاما میں 17 لاکھ 5 ہزار مکان بجلی سے محروم ہو گئے ۔  خراب موسم کے باعث سات سو  سےزائد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں  جبکہ ٹوکیو اور ہیروشیما کے درمیان چلنے والی ہائی سپیڈ ٹرین سروس بھی بند ہے ۔ جیبی کو 25 سال میں آنے والا بدترین طوفان قرار دیا جارہا ہے، جس کا رخ ملک کے شمالی علاقوں کی جانب ہے ۔ تاہم ماہرین کے مطابق اس کی شدت میں بتدریج کمی آرہی ہے ۔