Saturday, April 20, 2024

ضمیر فروشی پر عمران خان کا 20ارکان کو شوکاز دیکر پارٹی سے نکالنے کا اعلان

ضمیر فروشی پر عمران خان کا 20ارکان کو شوکاز دیکر پارٹی سے نکالنے کا اعلان
April 18, 2018
اسلام آبا د( 92 نیوز ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے  سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کرنے اور ضمیر بیچنے پر  20 ارکان کو شو کاز دے کر پارٹی سے نکالنے کا اعلان کر دیا۔ چینل 92 نیوز نے  پی ٹی آئی ارکان کی ضمیر فروشی  کی تفصیلات حاصل کر لیں۔ حاصل کردہ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی ارکان کو 95 کروڑ روپے ادا کئے،ن لیگ نے11 کروڑ 90 لاکھ میں بولی لگائی۔ سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کرنے والے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے نام تو سامنے آئے ہی ساتھ ہی عمران خان کو پیش ہونے والی رپورٹ میں اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ ضمیر فروش ارکان میں ایک ارب سے زائد  کی رقم بانٹی گئی۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی یاسین خلیل ، نگینہ بی بی ، زاہد درانی  ، امجد آفریدی،  فیصل زمان اور فوزیہ بی بی پر چار، چار کروڑ روپے وصول کرنے کا الزام لگایا گیا ہے جبکہ رکن صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا سردار ادریس ، بابرسلیم اور دینہ ناز پر 3 کروڑ80 لاکھ روپے لینے کا الزام ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ  6  ارکان اسمبلی ایسے ہیں جنہوں نے تین، تین کروڑ روپے وصول کئے ، جن میں جاوید نسیم ، خاتون بی بی ،عبید مایار، نسیم حیات،نرگس علی، اور میراج ہمایوں کے نام شامل ہیں ۔ عبدالحق ، قربان علی ، سیمی علیزئی اور وجہہ الزمان پر بھی تین کروڑ روپے سے زائد رقم لینے کا الزام ہے ۔ رپورٹ کے مطابق ارکان نے کسی ایک جماعت سے نہیں بلکہ مختلف جماعتوں سے جنرل نشست ، ٹیکنوکریٹ اور وویمن نشست کے لیے  کروڑوں روپے لئے۔ الزام سچ ثابت ہوا تو تمام ارکان  پر نہ صرف  پارٹی کے دروازے بند ہوجائیں گے بلکہ ان کے کیسز نیب کے حوالے بھی کئے جائیں گے۔