Thursday, April 25, 2024

ضمنی انتخابات،پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوامیں اپنوں کونوازنے کے تمام ریکارڈ توڑدیئے

ضمنی انتخابات،پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوامیں اپنوں کونوازنے کے تمام ریکارڈ توڑدیئے
October 1, 2018
پشاور ( 92 نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونکوا میں 14 اکتوبر کو منعقد ہونےوالے ضمنی انتخابات کیلئے رشتہ داروں کو ٹکٹ دلوانے میں تمام ریکارڈ توڑ دیئے ۔پرویز خٹک ، اسد قیصر، علی امین گنڈاپور اور ڈاکٹر حیدر علی نے بیٹے، بھائی اور بھتیجے کو ٹکٹ دلوادیئے ۔ خیبرپختونخوا کے ایک قومی اور 9 صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے ،ان حلقوں میں سے بیشتر پر نشست چھوڑنے والے رہنماؤں  نے اپنے ہی عزیزوں کو نامزد کروادیا ہے ۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے حلقہ پی کے 61 سے اپنے بیٹے ابراہیم خٹک  اور حلقہ پی کے 64 سے اپنے بھائی لیاقت خٹک کو ٹکٹ دلوادیا ، ان کے داماد عمران خٹک پہلے ہی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 26  سے قومی اسمبلی کے ممبر ہیں ۔ قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے بھی اپنی چھوڑی ہوئی نشست پی ٹی آئی کے ورکرز کو دینا گوارا نہیں کی اور اپنے ہی بھائی عاقب اللہ کو ٹکٹ دلوادیا ۔ قومی اسمبلی کے ممبر علی امین گنڈاپور نے حلقہ پی کے 97 کی اپنی نشست پر اپنے بھائی فیصل امین گنڈاپور کو ٹکٹ دینے کے لئے نامزد کر لیا ہے ، حلقہ پی کے 99 سے شہید اکرام اللہ گنڈاپور کی جگہ ان کے صاحبزادے آغا اکرام گنڈاپور پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں ۔ حلقہ پی کے 3 سوات سے ڈاکٹر حیدر علی نے اپنے بھتیجے انجینئر سجاد علی کو ٹکٹ دلوادیا ہے -