Thursday, May 2, 2024

ضمنی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی تیاری حتمی مراحل میں داخل

ضمنی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی تیاری حتمی مراحل میں داخل
September 29, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) الیکشن کمیشن کی جانب سے 39 حلقوں میں ضمنی انتخاب کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئیں،ضمنی انتخاب کےلئے پولنگ کے اوقات تبدیل کردئیےگئے، ضمنی انتخابات پولنگ صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک ہو گی جبکہ 39 حلقوں کے ووٹرز کی تفصیلات بھی جاری کر دی گئیں۔ ذرائع کے مطابق 39 حلقوں میں پولنگ کے نئے اوقات مقرر کردیے گئے ہیں، گرینڈ ضمنی انتخابات میں پولنگ صبح آٹھ بجے سے شام پانچ تک ہوگی، عام انتخابات میں پولنگ صبح آٹھ  بجے سے شام چھ بجے تک ہوئی تھی، موسم کی تبدیلی کے باعث الیکشن کمیشن نے پولنگ کےاوقات میں ایک گھنٹہ کم کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے پولنگ کے نئے اوقات سے متعلق ریٹرننگ افسران کو آگاہ کردیا، چھتیس حلقوں میں ضمنی انتخابات 14 اکتوبر کو شیڈول ہیں جبکہ تین حلقوں میں ضمنی انتخاب اکیس اکتوبر کو شیڈول ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 39 حلقوں میں ایک  کروڑ 2 لاکھ 18 ہزار 815 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ قومی اسمبلی کے 12 حلقوں کے لئے 55 لاکھ 49 ہزار 397 ، پنجاب اسمبلی کی بارہ نشستوں کےلئے 23 لاکھ 96 ہزار 151 ووٹرز حق رائے دینگے۔ اسی طرح خیبرپختو نخواہ اسمبلی کے دس حلقوں کےلئے 15 لاکھ 80 ہزار 639 تو سندھ اسمبلی کے تین حلقوں کےلئے 4 لاکھ 83 ہزار 166 ووٹرز ہوں گے ۔ بلوچستان اسمبلی کے دو حلقوں میں 1 لاکھ 83 ہزار 361 ووٹرز ہوں گے ، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 39 حلقوں میں ضمنی انتخاب 14 اور 21 اکتوبر کو شیڈول ہیں۔