Tuesday, May 21, 2024

ضمنی انتخابات میں بھی موروثی سیاست نے دیرینہ کارکنوں کو کچل دیا

ضمنی انتخابات میں بھی موروثی سیاست نے دیرینہ کارکنوں کو کچل دیا
October 13, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) ضمنی الیکشن پر بھی موروثی سیاست کے سائے  برقرار ہیں، بڑے بڑے رہنماؤں کی ’گدی ‘پر اپنے ہی بیٹھیں گے۔ پرویزالہیٰ کی خالی نشست پر بھتیجے سالک حسین الیکشن لڑیں گے۔این اے 60راولپنڈی سے شیخ رشید کا بھتیجا میدان میں اتر آیا۔مظفر گڑھ میں سیاست ماں اور بیٹے کو آمنے سامنے لے آئی۔ زہرہ بتول بخاری کا بیٹے ہارون  بخاری سے مقابلہ  ہوگا۔ این اے 65 چکوال کے حلقے  میں چودھری پرویز الہیٰ کے  بھتیجے چودھری سالک حسین انتخاب لڑرہے ہیں ، یہ سیٹ چودھری پرویز الہیٰ نے خالی کی تھی ۔ این اے 60راولپنڈی میں شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد پی ٹی آئی کے اُمیدوار ہیں جبکہ مظفرگڑھ کے حلقے پی پی 272میں بھی خاصی دلچسپ صورتحال ہے ، یہاں پی ٹی آئی کی زہرہ بتول بخاری  کا اپنے بیٹے ہارون سلطان بخاری سے جوڑ پڑے گا  ۔ ملتان کے حلقہ  پی پی 222 سے پاکستان تحریک انصاف کے رانا سہلا نون کا آزاد اُمیدوارقاسم خان لنگاہ سے سخت مقابلے کا امکان ہے ۔ پشاور میں تو کہانی بہت ہی دلچسپ ہے یہاں حلقہ پی کے 61 نوشہرہ سے  سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے بیٹا ابراہیم خٹک پاکستان تحریک انصاف کا  امیدوار  ہے، حلقہ پی کے  64  نوشہرہ سے سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے بھائی لیاقت خٹک پی ٹی آئی کے اُمیدوار ہیں ۔ پشاور ہی کے حلقہ پی کے 44 صوابی سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا بھائی عاقب اللہ پی ٹی آئی کا امیدوار  ہے اور  پی کے 99 ڈی آئی خان سے سابق صوبائی وزیر اکرام اللہ گنڈا پور کا بیٹا آغاز اکرام اللہ گنڈاپور پی ٹی آئی کا امیدوار  ہے جبکہ  پی کے 97 ڈی آئی خان سے علی امین گنڈاپور  کا بھائی فیصل امین گنڈاپور پی ٹی آئی کا امیدوار  ہے ۔ پی کے تین سوات سے ایم این اے ڈاکٹر حیدر علی کا بھتیجا  محمد ساجد پی ٹی آئی کا امیدوار  ہے جبکہ این اے 35 بنوں سے   خیبر پختونخوا کے سابق وزیر اعلیٰ اکرم خان درانی کا بیٹا زاہد درانی متحدہ مجلس عمل کا امیدوار ہے ۔ خیر پور میں پیپلزپارٹی کے اُمیدوار سید احمد رضا جیلانی  انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں  ، وہ ایم این اے فضل شاہ جیلانی کے بھائی اور پیر آف رانی پور کے بیٹے ہیں۔