Friday, April 26, 2024

ضمنی انتخاب : این اے 63 جہلم‘ پی پی 232 وہاڑی میں پولنگ جاری

ضمنی انتخاب : این اے 63 جہلم‘ پی پی 232 وہاڑی میں پولنگ جاری
August 31, 2016
جہلم (92نیوز) جہلم میں این اے تریسٹھ اور وہاڑی میں پی پی دو سو بتیس میں ضمنی انتخاب کا میدان سج گیا۔ سخت سکیورٹی میں پولنگ جاری ہے۔ نون لیگ اور تحریک انصاف کے امیدواروں میں کانٹے کامقابلہ متوقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق خطہ پوٹھوہار کے اہم حلقہ این اے 63میں ضمنی الیکشن کیلئے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے رہنما اقبال مہدی کی وفات سے خالی ہوئی تھی۔ یوں تو 4امیدوار میدان میں ہیں لیکن اصل مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مطلوب مہدی اور تحریک انصاف کے فواد چودھری کے درمیان ہے۔ پیپلزپارٹی کے جہانگیر محمود بھی جیت کےلئے پورا زور لگارہے ہیں۔ تین بڑی جماعتوں کے درمیان ایک آزاد امیدوار بھی موجود ہے۔ چار لاکھ 27 ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں ایک لاکھ 98 ہزار 900 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ این اے 63 کا حلقہ جہلم اور پنڈدادنخان پر مشتمل ہے۔ ضمنی انتخابات کیلئے 314 پولنگ سٹیشن بنائے گئے ہیں۔ پولنگ کا عمل صبح وقت پر شروع ہوا جو شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔ امن وامان برقرار رکھنے کیلئے پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر فوج تعینات ہو گی۔ ریٹرننگ آفیسر جہلم خورشید عالم کا کہنا ہے کہ شفاف انتخابات یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن قانونی اور آئینی مدد فراہم کررہی ہے۔