Sunday, September 8, 2024

ضمانتیں مسترد ... وسیم اختر‘ رﺅف صدیقی اور انیس قائم خانی گرفتار‘ قادر پٹیل فرار

ضمانتیں مسترد ... وسیم اختر‘ رﺅف صدیقی اور انیس قائم خانی گرفتار‘ قادر پٹیل فرار
July 19, 2016
کراچی (92نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے قادر پٹیل‘ رﺅف صدیقی‘ وسیم اختر اور انیس قائم خانی کی عبوری درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق آج انسداد دہشت گردی عدالت میں ڈاکٹرعاصم حسین کےخلاف دہشت گردوں کے علاج کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ اس موقع پر عدالت نے مقدمے میں ملوث ایم کیو ایم رہنماﺅں وسیم اختر‘ رﺅف صدیقی‘ پیپلزپارٹی کے رہنما قادر پٹیل اور پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس قائم خانی کی نہ صرف درخواست ضمانتیں مسترد کر دیں بلکہ تمام ملزموں کی ضمانتوں میں توثیق کی درخواست بھی مسترد کر دی۔ اس موقع پر رﺅف صدیقی نے کہا کہ فیصلہ انصاف کی بنیاد پر ہونا چاہئے تکنیکی بنیادوں پر نہیں جس پر عدالت نے کہا کہ اپنی بے گناہی کیس کی سماعت میں ثابت کیجئے گا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عاصم کی جے آئی ٹی کی بنیاد پر فیصلہ کیا گیا ہے۔ عدالتی فیصلہ سنتے ہی پیپلزپارٹی کے رہنما قادر پٹیل کمرہ عدالت سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ایم کیو ایم رہنماﺅں وسیم اختر‘ رﺅف صدیقی اور پاک سرزمین پارٹی کے انیس قائم خانی نے بھی عدالت سے بھاگنے کی کوشش کی جو کامیاب نہ ہو سکی اور انہیں پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ملزموں کو انسداد دہشت گردی عدالت سے سنٹرل جیل بھیجا جائے گا۔