Tuesday, May 7, 2024

ضمانت منسوخی ،نوازشریف اور مریم کے تحریری جوابات سپریم کورٹ میں جمع

ضمانت منسوخی ،نوازشریف اور مریم کے تحریری جوابات سپریم کورٹ میں جمع
November 10, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) سپریم کورٹ میں نوازشریف اور مریم نواز نے ضمانت منسوخی کے مقدمہ میں تحریری جوابات جمع کرا دیئے، دونوں نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا معطلی کے خلاف نیب اپیلیں مسترد کرنے کی استدعا کی ہے،چیف جسٹس کی سر براہی میں تین رکنی بینچ 12 نومبر کو سزا معطلی کے خلاف نیب اپیلوں پر سماعت کریگا۔ سپریم کورٹ کے حکم پر سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی جانب سے تحریری جوابات جمع کرائے گئے ،  نواز شریف کا جواب 28 اور مریم نواز کا جواب 7 صفحات پر مشتمل ہے ۔ دونوں کی جانب سے  عدالت عظمیٰ سے نیب اپیلیں مسترد کرنے کی ا ستدعا کی گئی ہے ۔ تحریری جواب میں نواز شریف کا کہنا ہے کہ نیب نے احتساب عدالت کو  میری مجموعی آمدن اور اثاثوں کا نہیں بتایا ، استغاثہ نے اثاثوں اور ادائیگیوں سے متعلق جس تجزیاتی چارٹ پر انحصار کیا انہیں  قانون شہادت پر پرکھا نہیں گیا، احتساب عدالت نے فیصلے میں تاثر کی بنیاد پر مجھے لندن فلیٹس کا مالک قرار دیا۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ احتساب عدالت کا فیصلہ ایسا ہے جس میں قانونی سقم موجود ہیں،مقدمہ میں بریت ہوئی تو جیل میں کاٹے وقت کا مداوا نہیں ہو سکے گا ۔ مریم نواز کی جانب سے جمع جواب میں کہا گیا ہے نیب نےثبوت نہیں دیے کہ لندن فلیٹس کے مالک نواز شریف ہیں، ریکارڈ  سے میری  نواز شریف کے لیے لندن فلیٹس کی خریداری میں اعانت، تعاون اور سازش ثابت نہیں ہوئی ،احتساب عدالت نے جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کا الزام فرد جرم سے نومبر 2017 میں نکال دیا تھا ، ٹرسٹ ڈیڈ پر احتساب عدالت کی سزا غیر قانونی ہے۔