Friday, May 10, 2024

ضمانت رد کرانے کی دھمکیاں دیکر ڈرانا انکی غلط فہمی ہے، مریم نواز

ضمانت رد کرانے کی دھمکیاں دیکر ڈرانا انکی غلط فہمی ہے، مریم نواز
March 15, 2021

لاہور (92 نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کہتی ہیں کہ بیانات جانچنے کا اختیار نیب کو کب سے مل گیا، ضمانت رد کرانے کی دھمکیاں دیکر ڈرانا انکی غلط فہمی ہے۔

پیر کے روز میڈیا سے گفتگو میں اُنہوں نے کہا، نیب سیاسی انتقام کا ادارہ بن چکا، امید ہے ہائیکورٹ ایسی مضحکہ خیز درخواستوں کا راستہ بند کردے گی۔ مریم نواز 2 بار جیل کاٹ آئی، تیسری بار بھی کاٹ لے گی۔ پوری قوم گواہ ہے مجھے جب نیب نے بلایا میں گئی، مجھ پر قاتلانہ حملہ ہوا،میری گاڑی پر پتھراؤ کیا گیا، نیب نے مجھے دوبارہ نہیں بلایا۔ آج تک یہ ریفرنس نہیں بنا سکے۔

اُنہوں نے کہا حکومت مشکل میں آتے ہی کورونا آجاتا ہے،، پاسپورٹ ٹرے میں رکھ کر بھی دیا تو ٹھکرا دیں گی، جاوید لطیف کا بیان توڑمروڑ کر پیش کیا گیا، پاکستان زندہ باد ہے اور رہے گا۔ اُن کا کہنا تھا، یہ لوگوں کو بے وقوف نہ بنائیں، مسلم لیگ ن کو بار بار انتقام کا نشانہ بنایا تو آپ خود اس کی زد میں آئیں گے۔

مریم نواز بولیں کہ سینیٹ میں 7 ووٹ مسترد ہوئے اس سے بڑا اسکینڈل کیمرا ہے، کس کی اجازت اور نگرانی میں کیمرے لگے؟۔ اپنے ہی ارکان کو گن پوائنٹ پر ڈرا دھمکا کر آپ نے اعتماد کا ووٹ لے لیا۔ یوسف رضا گیلانی کے نام پر مہریں لگی تھیں، یہ معاملے کو کورٹ میں لیکر جائیں گے تو یوسف رضا گیلانی جیت جائیں گے۔

اُن کا مزید کہنا تھا، مہنگائی کے پسے عوام اورلاقانونیت کیخلاف بھی بولوں گی، لانگ مارچ اور استعفوں کا آپشن ہے۔ یہ حکومت نہیں چل سکتی،اس کو گھر جانا پڑے گا۔