Sunday, May 12, 2024

ضلع مہمند تودہ گرنے سے بیٹھ جانیوالی کان سے افراد کی تلاش کا کام تیسرے روز بھی جاری

ضلع مہمند تودہ گرنے سے بیٹھ جانیوالی  کان سے افراد کی تلاش  کا کام تیسرے روز بھی جاری
September 9, 2020

مہمند ( 92 نیوز) ضلع مہمند کی تحصیل صافی میں سنگ مرمر کی کان میں تودہ گرنے سے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کا کام تیسرے روز بھی جاری ہے۔ کان سے  23 لاشیں اور نو زخمیوں کو نکال لیاگیا ، پاک آرمی کی ٹیم راولپنڈی سے لائی گئی جدید مشینری کے ذریعے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کررہی ہے ۔ صوبائی وزیرمحنت شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ ترجیحی بنیادوں پر زخمیوں کی تلاش کی جاری ہے۔

گزشتہ سے پیوستہ روز ضلع مہمند کی تحصیل صافی کے علاقہ زیارت میں سنگ مرمر کی کان میں تودہ گر گیا تھا ،  کان کے نیچے دبے افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔ چیف انسپکٹرمعدنیات کے مطابق ملبے تاحال 23 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں، نو زخمی بھی ملبے سے نکال لئے گئے ہیں۔ ملبے تلے مزید پانچ سے سات افراد کے دبے ہونےکا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

صوبائی وزیر محنت شوکت یوسفزئی نے مہمند میں جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور ریسکیو کام کا جائزہ لیا ،  شوکت یوسفزئی نے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کےلئے راولپنڈی سے لائی گئی جدیدمشینری کے ذریعے پاک فوج کے جاری آپریشن پر آرمی کا شکریہ ادا کیا۔ شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ملبے تلے دبے افراد کی تلاش ترجیح ہے۔

ریسکیو 1122 کے ڈی جی کے مطابق 9 ایمبولینسز، 2 ریسکیو وہیکلز، 2 ریکوری وہیکل اور سو اہلکار کان میں ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔