Tuesday, April 16, 2024

ضلع بڈگام میں قابض بھارتی فورسز نے 2 نہتے کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا

ضلع بڈگام میں قابض بھارتی فورسز نے 2 نہتے کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا
March 29, 2019

 سرینگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے انسانیت سوز مظالم جاری ہیں۔ ضلع بڈگام میں قابض فوج نے آج بھی مزید دو نہتے کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

 مقبوضہ کشمیر کی جنت نظیر وادی میں بھارت نے انسانیت سوز مظالم کی تمام حدیں پار کر دیں۔ بھارتی فورسز آئے روز نام نہاد آپریشن کرتی ہے، کسی بھی علاقے کو گھیرے میں لے کر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کر دیا جاتا ہے۔

نئی کارروائی میں ضلع بڈگام کے گاؤں سستو میں کشمیری نوجوانوں کو نشانہ بنایا گیا جہاں قابض فوج نے نہتے کشمیری نوجوانوں کو گولی مار کر شہید کر دیا۔ دو روز کے دوران بھارتی فوسز کا یہ تیسرا انسانیت سوز کارنامہ ہے۔

 مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی بربریت پر امریکی اخبارات بھی آواز اٹھانے لگے۔ واشنگٹن پوسٹ نے یونیورسٹی آف کشمیر کے گذشتہ برس لاپتہ ہونے والے پروفیسر رفیع بھٹ کا حوالہ دیا جنہیں دو روز قبل بھارتی پولیس نے مبینہ مقابلے میں شہید کر دیا تھا۔

 اخبار کے مطابق چند برس پہلے کمزور ہونے والی مزاحمتی تحریک میں دو ہزار اٹھارہ میں نئی توانائی آئی ہے جس نے پڑھے لکھے لوگوں کو بھی ہتھیار اٹھانے پر مجبور کر دیا۔

 اخبار کے مطابق دو ہزار تیرہ میں صرف سولہ پڑھے لکھے نوجوان تحریک میں شامل ہوئے تھے تاہم دو ہزار اٹھارہ میں یہ تعداد باون فیصد اضافے کے ساتھ ایک سو اکانوے تک پہنچ گئی جس کی بڑی وجہ بھارت کا ہتک آمیز رویہ ہے۔