Thursday, March 28, 2024

ضرورت ایجاد کی ماں ؟ لاہور پولیس ہتھکڑیوں کا کام دھاگوں سے لینے لگی

ضرورت ایجاد کی ماں ؟ لاہور پولیس ہتھکڑیوں کا کام دھاگوں سے لینے لگی
January 3, 2016
لاہور (92نیوز) اربوں روپے کا بجٹ ہونے کے باوجود پنجاب پولیس کے پاس ہتھکڑیاں کم پڑ گئی ہیں۔ ملزموں کو دھاگوں اور رسیوں سے باندھ کر عدالتوں میں پیش کیا جانا معمول بنتا جارہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آج بھی شراب نوشی کے الزام میں گرفتار ایک ملزم کو جب تھانہ ریس کورس پولیس نے عدالت پیش کیا تو پولیس اہلکار نے اسے مضبوطی سے پکڑ رکھا تھا کیونکہ ملزم کے ہاتھوں میں ہتھکڑی تھی ہی نہیں اور اسے کسی دھماگے سے باندھا گیا تھا۔ تھانے میں ہتھکڑیاں کم پڑیں تو جس طرح کا بھی دھاگا ملا ملزم کو باندھا گیا اور پولیس عدالت لے آئی۔ ملزم کو پیش کرنیوالے اہلکار کا کہنا تھا کہ جتنی ہتھکڑیاں موجود تھیں دیگرملزموں کو لگا دیں۔ ملزموں کو ہتھکڑیوں کے بجائے اس طرح کی چیزوں سے باندھ کر عدالت میں پیش کرنا کوئی نئی بات نہیں ہے۔ آئے روز ملزموں کو اسی انداز میں عدالتوں میں لایا جاتا ہے۔