Sunday, September 8, 2024

ضرب عضب اور نیشنل سکیورٹی پلان نے دہشتگردوں کی کمر توڑ دی  : سعدرفیق

ضرب عضب اور نیشنل سکیورٹی پلان نے دہشتگردوں کی کمر توڑ دی  : سعدرفیق
August 25, 2015
لاہور(92نیوز)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ضرب عضب اور نیشنل سیکورٹی پلان نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے، پاکستان کے تحفظ و دفاع کیلئے دی گئی قربانیاں رنگ لا رہی ہیں۔ تفصیلات کےمطابق اپنے دورۂ یورپ کے دوران پیرس میں پاکستانی سفارتخانے کے حکام اور عملے سے بات چیت کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ سرکاری افسران و اہلکاران ہر طرح کی سیاسی وابستگی اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر ریاستِ پاکستان کے استحکام کیلئے کام کریں۔ وطنِ عزیز کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کیلئے ہر بااختیار پاکستانی کو فرض شناسی کا مظاہرہ کرنا ہو گا اُنہوں نے کہا کہ پاکستان پیش قدمی کر رہا ہے۔ فعال اور بیدار پارلیمنٹ، غیرجانبدار عدلیہ، مستعد اور مؤثر فوج اور مثبت اقتصادی اصلاحات پاکستان کے سیاسی و اقتصادی استحکام کے اعشارئیے ہیں۔ ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ دہشت گردی ، انرجی بحران ، کرپشن اور اقتصادی بدحالی کا خاتمہ زیادہ دور نہیں۔ وزیر ریلوے نے اس موقع پر پاکستان ریلوے میں فرانسیسی سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔