Sunday, September 8, 2024

ضابطہ اخلاق میں لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق ترمیم کی گئی ،پی ٹی آئی کا شور سمجھ سے بالا تر ہے : الیکشن کمیشن

ضابطہ اخلاق میں لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق ترمیم کی گئی ،پی ٹی آئی کا شور سمجھ سے بالا تر ہے : الیکشن کمیشن
August 17, 2015
اسلام آباد(92نیوز)انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے معاملے پر بالآخر الیکشن کمیشن نے اپنا رد عمل دے ہی دیا الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ضابطہ اخلاق میں لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق ترمیم کی گئی، تحریک انصاف کی جانب سے ضابطئہ اخلاق پر شور سمجھ سے بالاتر ہے۔ تفصیلات کےمطابق ہری پور ضمنی انتخابات میں ترقیاتی پروگراموں کے اعلانات پر تحریک انصاف نے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات میں حکومت نے وسائل کا بے دریغ استعمال کیا ،پابندی کے باوجود حکومت کی جانب سے کئی سکیمیں اناؤنس کی گئیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد اراکین اسمبلی،وزرا اور وزیر اعظم کے دوروں پر سے پابندی ہٹائی گئی،لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے رہنما منصور سرور خان کی جانب سے پٹیشن دائر کی گئی تھی جس میں الیکشن کمیشن کے انتخابی ضابطہ اخلاق پر اعترضات اٹھائے گئے تھے،جس پر لاہور ہائکورٹ نے وزیر اعظم ،وزرا اور اراکین اسمبلی کو انتخاب والے حلقوں میں دوروں کی اجازت دے دی تھی۔ اب تحریک انصاف ہی سب سے زیادہ اس معاملے پر شور مچا رہی ہے جو سمجھ سے باہر ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے لاہور ہائکیورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر رکھی ہے جس کا فیصلہ آنے پر ہی مزید اقدامات کئے جا سکیں گے ۔