Friday, March 29, 2024

صوبوں کی بنیاد پر ترقیاں دینا میرا شیوہ نہیں، خورشید شاہ بتائیں کہاں معاملہ خراب ہے: وزیراعظم، سندھ کے زیادہ نمبر والے افسروں کو نکال دیا گیا، آپ کو مس گائیڈ کیا جاتا ہے: خورشید شاہ

صوبوں کی بنیاد پر ترقیاں دینا میرا شیوہ نہیں، خورشید شاہ بتائیں کہاں معاملہ خراب ہے: وزیراعظم، سندھ کے زیادہ نمبر والے افسروں کو نکال دیا گیا، آپ کو مس گائیڈ کیا جاتا ہے: خورشید شاہ
May 19, 2015
اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ صوبوں کی بنیاد پر ترقیاں دینا میرا شیوا نہیں، خورشید شاہ بتائیں معاملہ کہاں خراب ہے، حل کر لیں گے۔ اس موقع پر خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم کو مس گائیڈ کیا جا رہا ہے، سندھ کے زیادہ نمبر والے افسروں کو نکالا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سول سروس میں بھرتیاں میرٹ پر ہوئیں، ترقیاں اہلیت اور صلاحیت کی بنیاد پر ہونی چاہئیں، صوبوں کی بنیاد پر ترقیاں دینا میرا شیوا نہیں، پنجاب میں زیادہ بھرتیاں سفارش کی وجہ سے نہیں کی گئیں۔ وزیراعظم نے قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں بات کر کے انہیں مطمئن کروں گا، خورشید شاہ بتائیں کہاں زیادتی ہوئی، معاملہ ٹھیک کریں گے۔ قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے بھی موقع دیکھا تو بتا دیا کہ زیادتی کہاں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو مس گائیڈ کیا جاتاہے، سندھ کے زیادہ نمبروں والے افسروں کو نکال دیا گیا، اس معاملے پر کمیٹی بنائی جائے ورنہ معاملہ نفرتوں تک چلا جائے گا۔ انہوں نے وزیر اعظم سے یہ شکوہ بھی کیا کہ انہیں جو گائیڈ کرتے ہیں ان کا ذہن سیاسی نہیں۔