Friday, April 26, 2024

صوبائی وزیر اطلاعات فیاض چوہان کے رویے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

صوبائی وزیر اطلاعات فیاض چوہان کے رویے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع
January 9, 2019
 لاہور (92 نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض چوہان کی گزشتہ روز صحافیوں سے ناروا سلوک کے رویے پر پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی۔ میڈیا کے خلاف جارحانہ رویئے پر فیاض الحسن چوہان کو لینے کے دینے پڑ گئے۔ صحافیوں نے وزیر موصوف کا بائیکاٹ کر دیا۔ فیاض الحسن چوہان تقریب سے خطاب کرنے کے لئے ڈائس تک پہنچے ہی تھے کہ ہال میں عجیب منظر دیکھنے کو ملا۔ چوہان صاحب خطاب کے لئے پہنچے تو صحافیوں نے اپنے اپنے مائیک ڈائس سے اٹھا لیئے جبکہ فیاض الحسن چوہان صرف دیکھتے ہی رہ گئے۔ موصوف منانے کے لئے گئے ، سر توڑ کوشش کی مگر ناکام رہے۔ صحافیوں نے واضح کر دیا مسئلے کا حل ایک ہی ہے اور وہ ہے معافی ۔  فیاض الحسن چوہان نے تو ابھی تک معافی نہیں مانگی تاہم ان کی جگہ عبدالعلیم خان نے معذرت ضرور کی۔ واضح رہے گزشتہ روز قاضی حسین احمد کی برسی کے سلسلے میں میڈیا سے بات چیت کے دوران صحافیوں کے سوالات وزیر موصوف کی طبیعت پر اتنے گراں گزرنے کہ پل بھر میں سیخ پا ہو گئے اور صحافی بھائی کا قصور تھا تو بس اتنا کہ بیچارے نے اپنی نوکری سے انصاف کرتے ہوئے ریاست مدینہ کے حکومتی دعوے پر سراج الحق کے بیان کا پوچھا۔ صحافیوں نے وزیر موصوف کی  پریس کانفرنس کا بائیکاٹ اور معافی کا مطالبہ بھی کر ڈالا۔ بات اور آگے بڑھی تو وزیر صاحب باتیں سناتے ہوئے  چلتے بنے۔