Wednesday, April 24, 2024

صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے استعفیٰ دے دیا

صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے استعفیٰ دے دیا
March 5, 2019
 لاہور (92 نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب کا اقلیتی برادری سے متعلق بیان ان کے گلے پڑ گیا۔ وزیراعظم عمران خان کے نوٹس پر فیاض الحسن چوہان نے استعفیٰ دے دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیر اطلاعات پنجاب کی جانب سے اقلیتی برادری کے خلاف بیان کا نوٹس لیا تھا اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو معاملے کی تحقیقات کی ہدایت کی تھی۔ ترجمان پنجاب حکومت شہباز گل نے بھی وزیر اطلاعات پنجاب کے مستعفیٰ ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے طلب کرنے پر فیاض الحسن چوہان نے وزیر اطلاعات پنجاب کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے اقلیتی برادری سے متعلق فیاض الحسن چوہان کے بیان کا نوٹس لیا اور واضح کیا تھا کہ ایسے بیانات قابل قبول نہیں ہیں۔ کسی بھی مذہب کی دل آزاری کسی بھی صورت قبول نہیں ہو گی۔ وزیراعظم عمران خان نے تمام وفاقی اور صوبائی وزرا کو ایسے معاملات پر محتاط رہنے کی ہدایت بھی کی تھی۔ دوسری طرف ذرائع کے بعد فیاض الحسن چوہان کےمستعفی ہونے کے بعد صمصام بخاری کو پنجاب کا نیا وزیراطلاعات مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔