Sunday, September 8, 2024

صوبائی حکومت کو سندھ پولیس میں 253 اسسٹنٹ سب انسپکٹروں کی بھرتی کا حکم

صوبائی حکومت کو سندھ پولیس میں 253 اسسٹنٹ سب انسپکٹروں کی بھرتی کا حکم
January 12, 2016
کراچی (92نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے حکومت سندھ کی غیرمشروط معافی مسترد کرتے ہوئے 253 پولیس اہلکاروں کو 28 جنوری تک تقرر نامے جاری کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی دو سو تریپن اسامیوں پر کامیاب امیدواروں کو تقرر نامے جاری نہ کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے سندھ ہائیکورٹ کو بتایا کہ عدالتی احکامات کے باوجود تقرر نامے جاری نہیں کےے گئے اور ٹال مٹول سے کام لیا جا رہا ہے۔ جواب میں ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ نے موقف بیان کیا کہ سمری وزیراعلیٰ کو ارسال کر چکے ہیں، منظوری کے منتظر ہیں۔ دو رکنی بنچ نے استفسار کیا کہ پینتالیس روز میں تقرر نامے جاری کرنے کا حکم دیا گیا لیکن وہ حکم نظرانداز کر دیا گیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ نے سندھ حکومت کی طرف سے غیرمشروط معافی کی درخواست کی جو عدالت نے مسترد کر دی۔ فاضل بنچ نے اے ایس آئی کی اسامیوں پر کامیاب امیدواروں کو اٹھائیس جنوری تک تقرر نامے جاری کرنے کا حکم دےدیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ حکم پر عملدرآمد نہ ہوا تو آئی جی سندھ اور سیکرٹری داخلہ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی۔