Wednesday, May 8, 2024

صوبائی اپیکس کمیٹی کےاجلاس میں پی ایس ایل کے فائنل کا کوئی فیصلہ نہ ہوسکا

صوبائی اپیکس کمیٹی کےاجلاس میں پی ایس ایل کے فائنل کا کوئی فیصلہ نہ ہوسکا
February 26, 2017
لاہور(92نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں پی ایس ایل کا تو کوئی فیصلہ نہ آیا مگر رد الفساد پربھرپورعملدرآمد اور  دہشت گردوں کےخلاف بڑے آپریشن کے فیصلے سامنے آگئے ۔ تفصیلات کےمطابق  لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب کے زیر صدارت ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں بڑے فیصلے سامنے آگئے ۔ اجلاس  میں  مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی،صوبائی وزیر انسداد دہشت گردی کرنل ریٹائرڈ ایوب  ،ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل اظہر نوید حیات سمیت دیگر نے شرکت کی ۔۔ اس دوران  صوبے میں انسداد دہشت گردی کیلئے قانون نافذ کرنے والے سول و عسکری اداروں کے جاری آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں دہشت گردی، انتہاپسندی، عسکریت پسندی اور فرقہ واریت کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔ صوبہ بھر میں مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ۔ ساتھ ہی رینجرز، سی ٹی ڈی اور پولیس کے مشترکہ آپریشنز کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کا فیصلہ بھی ہو گیا ۔ دہشت گردی، انتہاپسندی، عسکریت پسندی اور فرقہ واریت کے مائنڈسیٹ کا بھی پوری قوت سے صفایا کرنا لازم ٹھہرا۔  اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح کیا کہ دشمن جو ناپاک سازش کر رہا ہے، اسے اجتماعی کاوشوں سے ناکام بنایا جائے گا۔  انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیاسی و عسکری قیادت سمیت پوری قوم ایک پیج پر ہے ۔