Tuesday, April 16, 2024

صوابی : پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنیوالے 2 دہشتگرد انجام کو پہنچ گئے

صوابی : پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنیوالے 2 دہشتگرد انجام کو پہنچ گئے
September 9, 2016
پشاور(92نیوز)خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی آگئی صوابی کے علاقہ کالو خان میں پولیس اہلکاروں پرحملہ کرنے والے دو دہشت گرد انجام کو پہنچ گئے حملہ آوروں کی فائرنگ سے ایک اے ایس آئی زخمی ہوگیا شموزئی سوات سے سی ٹی ڈی نے دہشت گرد کو گرفتارکرلیا جبکہ اٹک میں ٹرین سے مشکوک خاتون اسلحہ سمیت حراست میں لے لی گئی۔ ڈی پی او صوابی جاوید اقبال کے مطابق پولیس تھانہ کالوخان کی پولیس پارٹی معمول کی گشت پر تھی کہ اس دوران نامعلوم موٹرسائیکل سوار حملہ آوروں نے فائرنگ کردی حملہ آوروں کی فائرنگ سے پولیس کا اے ایس آئی زخمی ہوگیا پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور مارا گیا جبکہ دوسرے نے خود کو دستی بم دھماکے میں اڑا لیا ڈی پی او کے مطابق ایک حملہ آور زخمی حالت میں فرار ہوگیا۔ ہلاک ہونے والے حملہ آوروں سے دو دستی بم، تین پستول اور حملے میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔  دوسری جانب سی ٹی ڈی مالاکنڈ ریجن نے شموزئی سوات سے دہشت گرد شیرزادہ گجر کو گرفتارکرلیا ملزم پر 2008 میں پل کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کا الزام ہے اٹک میں ریلوے پولیس نے ٹرین سے ایک مشکوک خاتون کو گرفتارکرلیا جس سے اسلحہ برآمد ہوا۔