Thursday, April 18, 2024

صوابی: آپریشن ردالفساد میں 5دہشت گرد ہلاک، 2اہلکار شہید

صوابی: آپریشن ردالفساد میں 5دہشت گرد ہلاک، 2اہلکار شہید
March 7, 2017

اسلام آباد (92نیوز) صوابی میں فسادیوں کے خلاف آپریشن ردالفساد، دہشت گردوں کے ساتھ  فائرنگ کے تبادلے میں ایک کیپٹن اور ایک سپاہی شہید ہو گئے۔ فورسز نے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کہتے ہیں شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ فساد پھیلانے والوں سے حساب لیا جائیگا۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج ملک بھر میں آپریشن ردالفساد جاری رکھے ہوئے ہے۔ اسی آپریشن کے تحت ایک کارروائی صوابی کے علاقے ملک آباد میں کی گئی جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔ فورسزکے جوان علاقے میں پہنچے تو دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی۔

فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے کیپٹن جنید اور ایک سپاہی امجد شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ اپنے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔دہشت گردوں کو فساد پھیلانے کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔ فساد برپا کرنے والوں کو حساب دینا ہو گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔