Friday, April 19, 2024

صنعتی شعبے کیلئے وہ اصلاحات متعارف کروائیں جو شوباز اگلے 70 سال میں نہ کر پاتے، وزیراعلیٰ بزدار

صنعتی شعبے کیلئے وہ اصلاحات متعارف کروائیں جو شوباز اگلے 70 سال میں نہ کر پاتے، وزیراعلیٰ بزدار
July 12, 2020
لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے ہم نے صرف 2 سال میں صنعتی شعبے کیلئے وہ اصلاحات متعارف کروائیں جو شوبازیاں کرنے والے اگلے 70 برس میں بھی نہ کر پاتے۔ وزیراعلیٰ بزدار کہتے ہیں کہ اکنامک زونز اور انڈسٹریل اسٹیٹس 10 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر قائم کیے جا رہے ہیں۔ فیصل آباد میں قائم ہونے والا علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی 3 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر محیط ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی سے براہ راست 3 لاکھ نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔ بین الاقوامی کمپنیوں کو پاکستان لا رہے ہیں اور ان کی سہولت کیلئے صنعتی اسٹیٹس میں ون ونڈو سسٹم قائم کئے گئے ہیں۔ عثمان بزدار بولے کہ انڈسٹریل سٹی میں 550 سے زائد صنعتی یونٹس لگانے کی گنجائش ہوگی۔ معیشت کا پہیہ رواں رکھنے میں یہ منصوبہ گیم چینجر ثابت ہوگا، جس کی بدولت متعلقہ شعبوں میں 10 لاکھ ملازمتوں کے مواقع پیدا ہونگے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی صنعتی اصلاحات کوویڈ 19 کے تناظر میں معاشی بحالی کی راہیں ہموار کریں گی۔ بین الصوبائی تجارت کے فروغ کیلئے دیگر صوبوں سے ملحقہ اضلاع میں انفراسٹرکچر پر کام جاری ہے۔ پنجاب کی معاشی ترقی پاکستان سمیت پورے خطے میں صنعتی انقلاب برپا کرے گی۔