Wednesday, May 1, 2024

صنعتوں کو آئندہ تین سال اضافی بجلی 50 فیصد سستی ملے گی ، وزیراعظم

صنعتوں کو آئندہ تین سال اضافی بجلی 50 فیصد سستی ملے گی ، وزیراعظم
November 3, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے یکم نومبر سے چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو اضافی بجلی 50 فیصد کم قیمت پر دینے کا اعلان کر دیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ صنعتوں کو اضافی بجلی آدھی قیمت پر ملے گی، یعنی 16 روپے والا یونٹ اب 8 روپے میں ملے گا۔ یہ رعایت 30 جون تک کے لیے ہے۔ بلاتخصیص چھوٹی بڑی ساری صنعتوں کو آئندہ 3 سال تک 25 فیصد کم ریٹ پر اضافی بجلی دیں گے۔ اب کوئی پیک آوور نہیں ہو گا اور 24 گھنٹے آف پیک آوور ہو گا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مقابلے کی فضا میں پاکستانی صنعتوں کو 25 فیصد مہنگی بجلی دی جا رہی ہے جس سے ہماری انڈسٹری مقابلہ نہیں کر سکتی۔ موجودہ پیکیج سے مقامی صنعت کی ترقی میں اضافہ ہو گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کو بہت مشکل سے استحکام ملا ہے۔ کورونا کے بعد پاکستان کی برآمدات تیزی سے بڑھیں۔ ہماری ایکسپورٹ 25 سے 20 ارب ڈالر پر پہنچ گئی ہیں۔ گاڑیوں کی سیل بڑھ گئی ہے۔ تعمیراتی صنعت آگے بڑھ رہی ہے۔ لوگوں کو روزگار ملے گا تو غربت کم ہو گی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے بتایا کہ بی ون، بی ٹو اور بی تھری کنکشن کی حامل صنعت کو اضافی بجلی پر 30 جون تک 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔ حماد اظہر نے کہا کہ پوری دنیا کسادبازاری سے گزر رہی ہے لیکن ہماری سیمنٹ، گاڑی، موٹرسائیکل، ٹریکٹر، کھاد، ٹیکسٹائل، تعمیراتی اور دیگر صنعتوں میں اتنی تیزی ہے کہ آرڈرز پورے نہیں کر پا رہے، ان کی پیداوار بڑھانے کے لیے بجلی سستا کرنا ضروری تھا۔