Friday, May 10, 2024

صلاح الدین ذہنی مریض ،دو بار جیل میں رہا، رپورٹ

صلاح الدین ذہنی مریض ،دو بار جیل میں رہا، رپورٹ
September 9, 2019
اسلام آباد(روزنامہ 92نیوز) صلاح الدین ذہنی مریض قرار  دے دیا گیا ، انسانی حقوق کمیشن پاکستان کے فیکٹ فائنڈنگ مشن نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ مشکوک حرکات کی بناء پر  صلاح الدین پہلے بھی دو بار جیل جا چکا ہے ۔ ذرائع کے مطابق انسانی حقوق کمیشن کے ممبران ڈاکٹر بشیر ایچ شاہ اور صفدر چودھری نے پولیس تشددسے ہلاک ہونیوالے شہری صلاح الدین کے گاؤں کا دورہ کیا اور اس کے والد، بھائی اور اہل علاقہ سے ملاقاتیں کیں اورصلاح الدین بارے معلومات حاصل کیں۔ فیکٹ فائنڈنگ مشن کی رپورٹ کے مطابق صلاح الدین مرغی کے بچوں کی گردنیں مروڑ دیتا ، دیگر جانوروں کو بھی ایذا پہنچاتا تھا۔ وہ چیزوں کو آگ لگا کر بھی خوش ہوتا تھا۔ صلاح الدین پہلی بار 12 سال کی عمر میں گھر سے بھاگا، اس کے بعد کئی بار گھر سے بھاگا ۔ وہ چوری اور مشتبہ حرکات کے الزام میں دو دفعہ اڈیالہ جیل میں بھی قید رہا   ،  صلاح الدین کے والد کے مطابق بیٹے کی میت کو غسل دیتے وقت اس کے جسم پر تشدد کے کافی نشانات نظر آئے ۔ فیکٹ فائنڈنگ مشن نے اپنی رپورٹ میں سفارش کی ہے کہ والد، بھائی ،وکیل اور اہل علاقہ سے حاصل کردہ معلومات کی روشنی میں یہ بات واضح ہوئی کہ صلاح الدین پر بدترین تشدد کیا گیا ہے ۔مشن کا کہنا ہے کہ صلاح الدین کے اہلخانہ کوانصاف دینے کیلئے جوڈیشل کمیشن کی کارروائی جلد شروع کرائی جائے ۔