Friday, March 29, 2024

صفدر اعوان کو گرفتار کرانا ہوتا تو کیا قابل ضمانت دفعات لگواتے؟، شہزاد اکبر

صفدر اعوان کو گرفتار کرانا ہوتا تو کیا قابل ضمانت دفعات لگواتے؟، شہزاد اکبر
October 22, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کہتے ہیں کہ ہم نے صفدر اعوان کو گرفتار کرانا ہوتا تو کیا قابل ضمانت دفعات لگواتے؟۔ وزیر اعظم کے مشیر شہزاد اکبر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹوں کے آئی جی نے آج عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، آج سے کچھ دن پہلے مزار قائد پر ہلڑ بازی ہوئی۔ کراچی کے کچھ لوگوں نے ایف آئی آر کے اندراج کیلئے درخواست دی۔ سندھ پولیس نے صفدر اعوان کی گرفتاری قانون کے مطابق ہونے کی ٹویٹ کی۔ کراچی واقعہ میں تالہ توڑنے والی باتوں کی تصدیق ہونا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد زبیر نے دروغ گوئی کی، بات یہاں نہیں رکتی مراد علی شاہ پریس کانفرنس کرتے ہیں، صحافیوں کو پریس کانفرنس سے پہلے کہا جاتا ہے آئی جی کے اغواء سے متعلق سوال نہیں لینا، پریس کانفرنس کے بعد ایسا کیا ہوا کہ آپ نے کیا کھیل رچانا شروع کردیا۔ اِدھر وزیر اطلاعات شبلی فراز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن چاہتی ہے افراتفری ہو،غیر یقینی صورتحال ہو، مزار قائد پر ہونے والی ہلڑ بازی قانون کی کھلی خلاف ورزی تھی۔ جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے، وزیراعلیٰ سندھ نے کل اسمبلی کے فلور پر غلط بیانی کی، عوام کو ورغلانے والوں کی حقیقت سب جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صفدر اعوان اور مریم اعوان نے ڈرامہ رچایا، بنارسی ٹھگوں کادوسرا گروپ ن گروپ سمجھتا ہے چادراور چاردیواری صرف مریم اور صفدر ہیں۔ شبلی فراز مزید بولے کہ مشکلات کے باوجود معیشت دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑی ہوگئی ہے، الحمدللہ پاکستان میں کورونا سے اس طرح سے نقصان نہیں پہنچا جیسے دنیا کو ہوا۔  شاہد خاقان عباسی چین آف کمانڈ کے سب سے بڑے وائلیٹر ہیں، آج گیس اور بجلی کی قیمتیں شاہد خاقان عباسی کی وجہ سے اوپر جارہی ہیں۔